فواد چوہدری عدالت پیشی کے دوران میڈیا سے گفتگو میں جذباتی ہوگئے
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری عدالت پیشی کے دوران میڈیا سے گفتگو میں جذباتی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق فراڈ کیس میں زیرحراست سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو راولپنڈی کچہری پہنچایا گیا، انہیں بکتر بند گاڑی میں عدالت لایا گیا، سابق وفاقی وزیر کو ڈیوٹی جج غلام مصطفٰی کی عدالت میں پیش کیا جہاں فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ ڈیوٹی سول جج نے فواد چوہدری کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا اور کل بروز سوموار 11 دسمبر کو انہیں متعلقہ عدالت پیش کرنے کا حکم دیا، جس کے بعد پولیس فواد چوہدری کو لے کر جوڈیشل کمپلیکس سے روانہ ہوگئی۔ اس موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں فواد چوہدری جذباتی ہوگئے اور کہا کہ پاکستان میں کیسزسے جان چھڑانے کیلئے مرنا ضروری ہے، لگتا ہے سپریم کورٹ میں کیس لگوانے کے لیے مرنا پڑے گا، دیکھیں ہم کب مرتے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اب تو مقدمات پر مقدمات بنائے جارہے ہیں، ایک کیس ختم ہوگا تو اور بن جائیں گے، جس کی وجوہات سب کو پتا ہی ہیں، کھاد کی ایک بوری کے بعد چھ بوریوں کا نیا مقدمہ بنے گا۔
اب انتظار کرتے ہیں کب مرتے ہیں – فواد چوہدری! pic.twitter.com/MVwI08Gr8G
— Adeel Raja (@adeelraja) December 10, 2023
گزشتہ روز بھی سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو عدالت پیش کیا گیا، فواد چوہدری کو ہتھ کڑیاں لگا کر عدالت لایا گیا، فواد چوہدری کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کے حوالے کر دیا گیا، عدالت پیشی پر انہوں نے میڈیا سے مختصر غیر رسمی گفتگو بھی کی۔
اس موقع پر سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے قائد ن لیگ کے نام پیغام دیا، فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف نے 40 سال بعد بھی نامزد ادارے کے ذریعے اقتدار میں آنا ہے تو کیا فائدہ؟ دنیا میں مذاق ہی بننا ہے، اس لیے بہتر ہے ملک میں سلیکشن کا عمل روک کر الیکشن کا عمل شروع ہونا چاہئیے اور فاصلے کم ہونے چاہئیے۔