خضدار : (نیوز ڈیسک) بلوچستان کے ضلع خضدار میں سلطان ابراہیم روڈ پر دھماکہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی ) کی گاڑی پر کیا گیا، دھماکے میں ایس ایچ او سی ٹی ڈی شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں ایس ایچ او سی ٹی ڈی محمد مراد جاموٹ شہید جبکہ دو راہگیر زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔
پولیس حکام کا کہنا ہے دھماکا آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا جس میں ایس ایچ او سی ٹی ڈی کی گاڑی مکمل تباہ ہو گئی ۔
پولیس کے مطابق پولیس نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی
نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان علی مردان خان ڈومکی نے خضدار واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم جاری کردیا۔
نگراں وزیر اعلیٰ نے پولیس افسر کی شہادت پر تعزیت و اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تحفظ پر معمور سکیورٹی فورسز پر حملہ قابل مذمت ہے، واقعہ کی تحقیقات کرکے فوری رپورٹ پیش کی جائے ۔
علی مردان ڈومکی نے کہاکہ واقعے میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔