لاہور: (نیوز ڈیسک) سیاسی جوڑ توڑ میں بڑی پیشرفت، استحکام پاکستان کے قائد جہانگیر خان ترین اور رہنما عون چودھری کی شہباز شریف سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق ہو گیا۔
آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے قائدین کی دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں اور رابطے جاری ہیں، اسی حوالے سے استحکام پاکستان پارٹی کے قائد جہانگیر ترین اور عون چودھری کی شہباز شریف کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن آمد ہوئی۔
لیگی ذرائع کے مطابق دونوں پارٹیوں کے رہنماؤں کی ملاقات 45 منٹ تک جاری رہی، ملاقات میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے دونوں رہنماؤں میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور جہانگیر ترین کے درمیان ملاقات میں پنجاب اور لاہور سمیت قومی اسمبلی اور پنجاب کے مختلف حلقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ بارے امور پر گفتگو ہوئی۔
ذرائع کے مطابق دونوں جانب سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اصولی طور پر اتفاق ہو گیا لیکن سیٹ ایڈجسٹمنٹ کتنی نشستوں پر ہو گی یہ طے کرنے لیے پارٹی رہنماؤں کی ملاقاتوں کے مزید دور ہوں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور، ساہیوال، لودھراں، رحیم یار خان سمیت دیگر علاقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ممکن ہے تاہم نشستوں کی تعداد کا تعین اگلی ملاقاتوں میں پیپر ورک کے ساتھ کیا جائے گا۔
دوسری جانب لیگی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ مسلم لیگ ن کے قائد اور کور کمیٹی کی مشاورت سے کیا جائے گا۔