میری لمز میں طلبہ کیساتھ ہونے والی گفتگو بہت مشہور ہوئی

تعلیمی ادارے ہمیشہ میرے دل کے قریب رہے ہیں،مجھے چیزوں کےبارے میں جاننے اور سمجھنے میں خوشی ہوتی ہے۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی طلباء سے گفتگو

کراچی( نیوز ڈیسک ) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ میری لمز میں طلبہ کیساتھ ہونے والی گفتگو بہت مشہور ہوئی۔ انہوں نے کراچی میں آغا خان یونیورسٹی کے طلبا و طالبات سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ تعلیمی ادارے ہمیشہ میرے دل کے قریب رہے ہیں،ا۔ نگران وزیراعظم نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ تعلیم اورتعلیمی ادارے ہمیشہ میرے دل کےقریب رہے ہیں۔
مجھے ہمیشہ سے سیکھنے اور جاننے سے شغف رہاہے۔نمایاں تعلیمی اداروں نے ہمیشہ اپنی جانب راغب کیاہے۔ زندگی کو بامقصد بنانے کے لئے تعلیم ضروری ہے۔ گلگت بلتستان کے ایک طالب علم کی طرف سےسوال پر وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان جغرافیائی لحاظ سے اہم حیثیت کاحامل ہے، یہ پاکستان کاحصہ ہے اور انشا اللہ ہمیشہ رہے گا۔
گلگت بلتستان کی حیثیت کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیر کے حصے کے طور پر دیکھنا ہوگا ۔

نگران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کشمیر پر تین جنگیں لڑ چکےہیں۔ پاکستان نے گلگت بلتستان کے حوالے سے جو اقدامات کئے ہیں وہ عوام کو حقوق دینے کے لئے ہیں۔گلگت بلتستان کو پاکستان کا سنگا پور ہونا چاہیے کیونکہ یہ وسائل سے مالامال علاقہ ہے۔ اظہار رائے کی آزادی کے حوالے سے نگران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں ہر شہری کو اظہار رائے کا حق حاصل ہے۔
آج بھی یہاں طالب علموں اور وزیراعظم کے درمیان گفتگو اور سوال و جواب کی نشست میں کھل کر بات کی جارہی ہے ، یہ کہنا کہ ملک میں اظہار رائے کی آزادی نہیں، اس بات میں وزن نہیں ہے۔ اظہار رائے کو مثبت اور تعمیری ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاسی تاریخ اور دیگر موضوعات پر گھنٹوں بحث ہو سکتی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد صحت کا شعبہ صوبوں کے پاس چلاگیا، اب صوبوں کی ذمہ داری ہے کہ اس حوالےسے اقدامات کریں۔ بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کے پیش نظر صحت کی سہولیات بڑھانا ہوں گی۔