پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت کو گرفتار کیے جانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ خیبر پختونخوا پولیس نے گرفتاری کی تردید کی ہے۔
تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت کو چکدرہ سے اغوا کیا گیا، شیر افضل مروت باجوڑ کنونشن میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔
ترجمان پی ٹی آئی معظم بٹ کا کہنا ہے کہ ہم شیر افضل مروت کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں، غیر قانونی گرفتاریوں اور اغوا کے معاملے کا جلد نوٹس لیا جائے۔
دوسری جانب ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ملا کنڈ نے پاکستان تحریک انصاف کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ شیر افضل مروت کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔