پی ٹی آئی کے دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کی اکبر ایس بابر کی استدعا مسترد

الیکشن ایکٹ کا سیکشن 215 واضح ہے،دوبارہ الیکشن کو بھول جائیں،آئین یہ نہیں کہتا کہ ہم بار بار الیکشن کا حکم دیں۔ممبر الیکشن کمیشن

اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) پی ٹی آئی کے دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کی اکبر ایس بابر کی استدعا مسترد کر دی گئی۔ اکبر ایس بابر نے پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات دوبارہ کرنے کی استدعا کی تھی۔ الیکشن کمیشن نے اکبر ایس بابر کی استدعا مسترد کر دی۔ ممبر الیکشن کمیشن اکرام اللہ نے کہا کہ الیکشن ایکٹ کا سیکشن 215 واضح ہے،دوبارہ الیکشن کو بھول جائیں۔
آئین یہ نہیں کہتا کہ ہم بار بار الیکشن کا حکم دیں۔ تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دو روز قبل دائر کی گئی تھی۔ بانی رہنما پی ٹی آئی اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن میں باضابطہ درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ شفاف انٹرا پارٹی الیکشن کرانے تک انتخابی نشان بلے کی اجازت نہ دی جائے۔
الیکشن کمیشن نئے انٹراپارٹی الیکشن کرانے کا حکم دے۔ الیکشن کمیشن غیرجانبدار فریق مقرر کرے جو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اپنی نگرانی میں کرائے۔ اسلام آباد کے رہائشی اور پی ٹی آئی کے ممبر راجہ طاہر نواز کی جانب سے بھی اسی طرح کی درخواست دائر کی گئی، راجہ طاہر نواز عباسی نے ایڈوکیٹ عزیز الدین کاکا خیل کے توسط سے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی، جس میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہیں کروائے گئے، ایک ڈمی پینل تشکیل دے کر انتخابات کروائے گئے، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کروانا سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کی ذمہ داری تھی، انٹرا پارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دے کر پارٹی سیکرٹری جنرل کو دوبارہ انتخابات کروانے کی ہدایت کی جائے۔
اکبر ایس بابر نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن کمیشن میں چیلنج کریں گے، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات میں بےضابطگی کے پیشِ نظر الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی جائے گی، چند دنوں میں ان انتخابات کو چیلنج کردیں گے، ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد ہم پی ٹی آئی کا حصہ اور بانی رہنما ہیں، قوم کے سامنے انٹراپارٹی الیکشن میں ہونے والی بے ضابطگیاں رکھوں گا۔