واقعہ کی تحقیقات اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے رپورٹ پیش کی جائے،محسن نقوی کا چڑیا گھروں کا سیکورٹی آڈٹ کرنے کا حکم،سیکرٹری وائلڈ لائف اور کمشنر بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی
لاہور( نیوز ڈیسک ) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بہاولپور کے چڑیا گھر میں ٹائیگرز کے حملے سے شہری کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سیکرٹری وائلڈ لائف اور کمشنر بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی۔ واقعہ کی تحقیقات اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
نگران وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ غفلت برتنے والے عملے کے خلاف محکمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے۔ محسن نقوی نے چڑیا گھروں کے سیکورٹی آڈٹ کرنے کا حکم بھی دے دیا۔انہوں نے چڑیا گھر کی سیر کے لئے آنے والے بچوں اور شہریوں کی حفاظت کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کی ہدایت کی۔ چڑیا گھر میں ٹائیگروں نے شہری پر حملہ کر دیا تھا۔یہ افسوسناک واقعہ بہاولپور میں پیش آیا، شہری کو ٹیگروں نے چھیر پھاڑ دیا۔
چڑیا گھر میں ٹائیگروں کے حملے سے شہری جاں بحق ہو گیا۔بتایا گیا کہ ٹائیگرز لاش کو پنجرے کے اندر لے گئے۔ٹائیگر شہری کی لاش کا کچھ حصہ کھا گئے۔ پولیس اور ریسکیو ادارے میں موقع پر موجود ہیں۔تاحال جاں بحق شہری کی شناخت نہیں ہو سکی تاہم چڑیا گھر انتظامیہ کا واقعے پر موقف سامنے آگیا ہے۔چڑیا گھر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹائیگرز کے پنجرے سے ایک لاش ملی،صبح ٹائیگر کے پنجرے میں گوشت ڈالنے گئے تو وہاں لاش پڑی تھی۔
واقعہ ممکنہ طور پر رات کو پیش آیا۔تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ شہری پنجرے میں کیسے داخل ہوا۔ جس پنجرے سے شہری کی لاش ملی وہاں 4 ٹائیگر موجود تھے۔خیال رہے کہ 2020 میں بھی ایک ایسا واقعہ پیش آیا تھا جب سفاری پارک میں شیروں کے حملے سے نوجوان جاں بحق ہو گیا تھا۔بتایا گیا کہ لاہور کے سفاری پارک میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں پر نوجوان شیروں کے حملے کے نتیجے میں دم توڑ گیا۔نوجوان کی شناخت بلال کے نام سے ہوئی جو قریبی گاؤں کا رہائشی تھا۔