آکسیجن نہ ملنے پر بینظیر بھٹو ہسپتال میں بچی جاں بحق، وزیر اعلیٰ کا نوٹس

راولپنڈی: (نیوز ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کے چلڈرن وارڈ میں آکسیجن نہ ملنے کے باعث 10 ماہ کی بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے المناک واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا، انہوں نے سیکرٹری صحت کو واقعہ کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔

محسن نقوی نے کہا کہ چلڈرن وارڈ میں آکسیجن کی کمی فوری طور پر دور کیا جائے، وارڈ میں زیر علاج بچوں کیلئے آکسیجن کی دستیابی یقینی بنائی جائے، ہر بچے کی جان قیمتی ہے، آکسیجن کی کمی کو دور کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔

ایم ایس کا موقف

ایم ایس طاہر رضوی نے کہا ہے کہ علیزہ بچی آکسیجن کی کمی کی وجہ سے جاں بحق نہیں ہوئی، 10 ماہ کی علیزہ کو ڈبل نمونیا تھا، ہسپتال میں نہ بچوں کے بیڈز کی کمی ہے اور نہ ہی آکسیجن کی کوئی قلت ہے۔

طاہر رضوی کا کہنا تھا کہ ٹرینی ڈاکٹر کے بیان پر انکوائری کمیٹی بنا دی گئی ہے، انکوائری کمیٹی 24 گھنٹے میں اپنی رپورٹ تشکیل دے گی، غلطی ثابت ہونے پر انہیں نوکری سے برخاست کیا جا سکتا ہے۔