عمران خان کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کا مطالبہ

حکمران 9 مئی کی طرز پر کسی نئے فالس فلیگ آپریشن کی تلاش میں ہیں‘ لاقانونیّت کی راہ پر چلتی دستور سے منحرف سرکار انتشار کی آڑ میں انتخاب سے فرار کی تاک میں ہے۔ ترجمان تحریک انصاف کا بیان

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف نے عدالت میں پیشی کے موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے پارٹی چیئرمین عمران خان کی عدالت میں پیشی کے موقع پر قائدین اور کارکنان کیلئے پیغام جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ حکمران 9 مئی کی طرز پر کسی نئے فالس فلیگ آپریشن کی تلاش میں ہیں، چیئرمین عمران خان کی سلامتی، سیکیورٹی اور ماضی میں ان کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کی سرکاری کوششیں کسی سے پوشیدہ نہیں، عمران خان کی سلامتی اور سیکیورٹی اوّلین ترجیح اور سب سے اہم ہے، پنجاب اور اسلام آباد پولیس، مقامی انتظامیہ اور وفاقی و صوبائی نگران حکومتوں سے چیئرمین عمران خان کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ترجمان پی ٹی آئی نے لکھا کہ ملک بھر سے لاکھوں کارکنان اپنے محبوب قائد کے استقبال کیلئے عدالت جانا چاہتے ہیں، خیبرپختونخوا میں بدترین سرکاری مداخلت اور پرتشدد ہتھکنڈوں کے باوجود نہایت جرات و بہادری سے والہانہ نکلتے عوام عمران خان کی مقبولیت اور ان سے قوم کے گہرے تعلق کی واضح نشانیاں ہیں۔ ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ جبر و فسطائیت اور شر اور شرارت کی راہ پر گامزن حکمران 9 مئی کی طرز پر کسی نئے فالس فلیگ آپریشن کی تلاش میں ہیں، لاقانونیّت کی راہ پر چلتی دستور سے منحرف سرکار انتشار کی آڑ میں انتخاب سے فرار کی تاک میں ہے لیکن ہمارے امن پسند کارکنان شرپسندوں کو انتخاب سے بھاگنے کا ادنیٰ سا جواز بھی فراہم نہیں کریں گے اور انتخاب کے دستوری، جمہوری اور قانونی راستے سے عوام کے ساتھ مل کر ظلم و بربریت کے راج کو دفن کریں گے، ظلم پر انصاف غالب آئے گا اور جلد پوری قوم اپنے محبوب قائد کا تاریخی استقبال کرے گی۔