مری: (نیوزڈیسک) مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ سیاست کیلئے جھوٹ نہیں بولتا، ہم عوام کی خوشحالی کا خواب لے کرپھر آرہے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف نے مری میں پارٹی تنظیم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے بھائیوں سے بہت پرانا رشتہ ہے، یہ میرا دوسرا گھر ہے، اور میرا یہاں سے رشتہ بہت مضبوط ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے باربار نکالاگیا، جناب ایسےملک نہیں چلتا اس طرح تو ایک گھر نہیں چلتا،ملک کیسے چلےگا؟ ہم نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا اس لئے یہ حال ہے، تین مرتبہ وزیراعظم بن چکا ہوں عہدے کا لالچ نہیں، ہمارے بعد کی حکومت نے سب کچھ تباہ کردیا۔
میاں نوازشریف نے کہا کہ سیاست کیلئے جھوٹ نہیں بولتا ، لوگوں کو دھوکا دے کر ووٹ لوں اور کچھ نہ کروں ، تو مجھ سے بڑا ظالم کوئی نہیں ہوگا، ہمارے دور کے بعد آنیوالی حکومت نے کلچر کو تباہ کردیا۔
ان کاکہنا تھا کہ اپنے دور میں آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا ،امریکا کے پانچ ارب ڈالر کی پیشکش کے باوجود ایٹمی دھماکے کئے،اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر فارغ کردیا گیا، ترقی کرتی معیشت تباہ وبرباد کردی گئی اور حسد،بغض ،منافقت کو فروغ دیا گیا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم ہوگئی تھی، ہم نے دن رات محنت کرکے منصوبے مکمل کیے، اور 11 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی، ملک میں کوئلے کے بڑے ذخائر ہیں، استعمال نہ کیے تو کوئلے کے ذخائر کا کیا فائدہ، ہمارے دور میں پہلی بار کوئلے پر کام شروع ہوا، اور ہم نے وہاں سے بجلی پیدا کی، اب بھی اس کوئلے سے ہزاروں لاکھوں میگا واٹ بجلی بن سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک پر تلواروں سے وار کیا گیا،مجھے نکالنے کاسبب یہ تھا کہ اس کو لانا تھا،ہنستے بستے ملک کو ہم نے اپنے ہاتھوں سے اجاڑا ہے،دکھ ہے کہ ہم نے سبق نہیں سیکھا، دعا ہےاللہ قوم کی تقدیربدل دے۔