انتخابات کیلئے تیاری مکمل، 30 نومبر کو حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع ہوگی: ای سی پی

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں ملک میں آئندہ برس ہونے والے انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت انتخابات کی تیاریوں سے متعلق اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے لیے مکمل تیار ہے اور حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر کو شائع کر دی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر تمام اعتراضات پر الیکشن کمیشن نے سماعت مکمل کرلی ہے، حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ نادرا میں جاری ہے۔

سیاسی جماعتوں کی مشاورت کے بعد الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی منظوری دے دی ہے، ضابطہ اخلاق کا باضابطہ نوٹیفکیشن آئندہ چند روز میں جاری کر دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے 8 فروری 2024ء بروز جمعرات ملک بھر میں عام انتخابات کرانے کا اعلان کر رکھا ہے۔