اگر عدالتوں سے انصاف نہیں ملتا تو ہم امریکا میں ڈونلڈ لو پر کیس کریں گے، عمران خان کی بہن کی اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی پر وہ دفعات لگائی جارہی ہیں جن سے ان کو سزائے موت یا عمر قید ہوسکتی ہے۔ اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ سے سائفر کیس کا اسٹے آرڈر ہوگیا ہے ۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے ایسا کیا جرم کیا کہ ایسی دفعات لگائی گئیں، رانا ثنا اللّٰہ نے عمران خان پر کیس کیا، پاکستان میں انصاف ملنا چاہیے، اگر عدالتوں سے انصاف نہیں ملتا تو ہم امریکا میں ڈونلڈ لو پر کیس کریں گے۔
علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں جیل میں اچھی روٹین بنی ہوئی، وہ بالکل اچھی صحت میں ہیں، اور ان کی جانب سے کھانے کی کوئی شکایت نہیں کی گئی۔
یاد رہےاسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کے خلاف سائفر کیس کا ٹرائل روکنے کے حکم میں توسیع کردی ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سائفر کیس میں جیل ٹرائل اور جج تعیناتی کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت ہوئی ، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے عمران خان کی اپیل پر سماعت کی، اٹارنی جنرل منصور اعوان، ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل عدالت پیش ہوئے ، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ اور لیگل ٹیم کے ارکان بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ میں بتانا چاہتا ہوں گزشتہ سماعت پر سٹے آرڈر کے بعد کیا ہوا، میں ہائیکورٹ سے فوری اڈیالہ جیل پہنچا جہاں جیل ٹرائل جاری تھا، مجھے کافی دیر انتظار کے بعد اندر جانے کی اجازت ملی اور ایک گواہ کا بیان بھی ہو چکا تھا، ٹرائل کورٹ نے حکم امتناع کے بعد بھی ساڑھے 3بجے تک سماعت جاری رکھی، اڈیالہ جیل میں اندر عدالت تک پہنچنے کیلئے بے شمار رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔