عمران خان میرے ساتھ والے سیل میں ہیں، آئی ایم ایف اور یورپی یونین کے لوگ عمران خان سے ملاقات کرنے آتے ہیں،تحریک انصاف کو اتنے ووٹ پڑیں گے جس کی کوئی حد نہیں ہو گی۔ پرویز الہی کی غیر رسمی گفتگو
لاہور ( نیوز ڈیسک ) سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے کمرہ عدالت میں کورٹ رپورٹرَز سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خدا کی قسم مجھے آج تک کسی نے پریس کانفرنس کا نہیں کہا، عمران خان میرے ساتھ والے سیل میں ہیں، آئی ایم ایف اور یورپی یونین کے لوگ عمران خان سے ملاقات کرنے آتے ہیں۔ پرویز الہی نے مزید کہاکہ تحریک انصاف کو اتنے ووٹ پڑیں گے جس کی کوئی حد نہیں ہو گی، عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، کھڑے رہیں گے۔
صدر پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ہمارے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہمیشہ اچھے تعلقات رہے ہیں، الیکشن کی تاریخ سپریم کورٹ کے کہنے پر ملی ہے۔پرویز الہیٰ نے دعوی کیا کہ اس الیکشن میں دھاندلی نہیں ہو گی۔ دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کو بی کلاس کی سہولیات کی عدم فراہمی بارے رپورٹ طلب کر لی ۔
سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کو اڈیالہ جیل میں بی کلاس کی سہولیات نہ دینے کے خلاف دائر رٹ پیٹشن پر لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں جمعہ کو سماعت ہوئی ۔ سماعت جسٹس صداقت علی خان نے کی ۔ فاضل عدالت نے ہوم سیکرٹری پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے پرویز الہی کی شکایات کے ازالے کی بابت ایک ہفتے میں تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ۔
سماعت کے موقع پر چوہدری پرویز الہی کی طرف سے سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ۔ اپنے دلائل میں سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ نے کہاکہ چوہدری پرویز الہی اپنے سیاسی اور سماجی سٹیٹس کے مطابق جیل میں بہتر کلاس اور سہولتوں کے حقدار ہیں، سہولتیں دینے کے بجائے اڈیالہ جیل میں چوہدری پرویز الہی کے ساتھ ناروا برتائو کیاجارہا ہے ، فیملی اور وکلاکے ساتھ ملاقات کے دوران مداخلت کر کے ملاقاتوں کو بے مقصد کردیا جاتا ہے، وکلا کو کاغذ پنسل ساتھ رکھنے اور لکھ کر نوٹس ایکسچینج کرنے کی سہولت بھی نہیں دی جاتی ۔