نوازشریف خود کو وزیراعظم ڈکلیئر کر رہے ہیں، ایسے الیکشن اور وزیراعظم کو نہ دنیا مانے گی نہ عوام مانیں گے، ملک پر رحم کریں، لیول پلیئنگ فیلڈ دیں۔ پی ٹی آئی رہنماء اسد قیصر کی میڈیا سے گفتگو
صوابی (نیوز ڈیسک) سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ نوازشریف خود کو وزیراعظم ڈکلیئر کر رہے ہیں کیوں کہ ملک میں الیکشن نہیں نامزدگی ہو رہی ہے اور یہ سلیکشن پلس ہے، ملک پر رحم کریں اور لیول پلیئنگ فیلڈ دیں۔ عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ ہم جھوٹے کیسز سے نہیں ڈرتے، اس ظلم کا مقابلہ ڈٹ کے کریں گے لیکن ظلم اور اچھوتوں جیسا سلوک قابل مذمت ہے، میں صرف اتنا پوچھنا چاہتا ہوں جو حکومت ہے جس کے پاس اختیار ہے کہ کیا وہ اس ملک میں فری اینڈ فیئر الیکشن چاہتے ہیں؟ کیوں کہ جو ماحول ہے یہ الیکشن نہیں نامزدگی ہو رہی ہے جو سلیکشن پلس ہے، تو ایسے الیکشن کو نہ دنیا مانے گی نہ پاکستان کے عوام مانیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ مقامی عدالت نے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے، کرپشن کے الزام کے کیس میں اینٹی کرپشن صوابی نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کو آج جوڈیشل مجسٹریٹ محمد خلیل خان کی عدالت میں پیش کیا، اسد قیصر کی عدالت پیشی کے موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جس کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
دوران سماعت اسد قیصر کے وکیل ارشد ایڈوکیٹ نے کہا کہ ’اسد قیصر کو جوڈیشل کرنے کے بعد اب ہم اینٹی کرپشن کورٹ میں ضمانت کے لئے درخواست دیں گے‘، بعدازاں عدالت نے اسد قیصر کو گجوخان میڈیکل کالج صوابی کے لئے طبی آلات کی خریداری میں کرپشن کے الزام میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ خیال رہے کہ چند روز قبل پی ٹی آئی رہنماء اسد قیصر کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا، سابق سپیکر کو کرپشن کیس میں محکمہ اینٹی کرپشن نے گرفتار کیا، رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر کے بھائی نے بتایا کہ سابق سپیکر قومی اسمبلی کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا، اسد قیصر گھر پر ہی موجود تھے جب پولیس اور سادہ لباس اہلکار آئے اور سادہ لباس اہلکار رہنماء پی ٹی آئی کو گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی گرفتاری پر ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے ردعمل میں گرفتاری کی شدید مذمت کی، ترجمان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے اعلان کے فوری بعد اسد قیصر کی گرفتاری انتخابات کی شفافیت کو متاثر کرنے کی ایک شرمناک کوشش ہے، اسد قیصر کی گرفتاری شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے پیش نظر الیکشن کمیشن کے کردار پر سوالیہ نشان مرتب کرتی ہے، تحریک انصاف رہنماؤں کی بلاجواز گرفتاریوں کا نہ رکنے والا سلسلہ تحریک انصاف کو انتخابی دوڑ سے باہر رکھنے کا بدنیتی پر مبنی منصوبہ ہے، الیکشن کمیشن قبل از انتخاب دھاندلی کی کوششیں ترک کر کے تمام جماعتوں کو یکساں ماحول کی فراہمی یقینی بنائے، اسد قیصر کی گرفتاری کی سفاکانہ حرکت کو عدالتی فورم پر چیلنج کیا جائے گا۔