وفاقی دارالحکومت میں پرانی سٹریٹ لائٹس کی مرمت اور بحالی کا 90 فیصد کام مکمل

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)نے وفاقی دارالحکومت میں پرانی سٹریٹ لائٹس کی مرمت اور بحالی کا تقریبا 90 فیصد کام مکمل کر لیا ہے۔سی ڈی اے کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ادارے نے گذشتہ ماہ اس سلسلے میں فنڈز مختص کیے ہیں جو ان سڑکوں اور گلیوں میں روشنی کے مناسب انتظامات کو یقینی بنانے میں مدد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ لائٹس کی کمی کی وجہ سے اسٹریٹ کرائمز میں حالیہ اضافہ ہوا ہے، سڑکوں اور گلیوں میں روشنی کے مناسب انتظامات سے دارالحکومت میں مجرمانہ سرگرمیوں پر بھی قابو پانے میں مدد ملے گی۔ سی ڈی اے شہر کے مکینوں کو شہری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے اور انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے بھی ٹھوس اقدامات کر رہا ہے جس میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب، روڈ کارپیٹنگ اور پانی سے متعلق مسائل کا حل بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اےانوار الحق کی ہدایات پر سیکٹرز I، G، H اور D سیریز کے باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل، شہری سہولیات کی فراہمی اور ان سیکٹرز میں گھر بنانے والوں کو سہولیات فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی سڑکوں اور سیکٹروں کے اندر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا کام شروع کیا جا رہا ہے تاکہ مختلف سیکٹرز میں روشنی کے مناسب انتظام کو یقینی بنایا جا سکے،مرکزی سڑکوں اور سیکٹرز میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے کام سے سیکٹرز جی- 7، جی -8، جی- 9، جی- 10،آئی -11، آئی- 10، آئی- 14 میں روشنی کے مناسب انتظام کو یقینی بنایا جاسکے گا, سیکٹر آئی- 16، ڈی 12- اور دیگر سیکٹرز میں بھی پرانی سٹریٹ لائٹس کی مرمت اور بحالی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔