وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کا اجلاس، ڈینگی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے اقدامات اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد مزید تیز کرنے کی ہدایات

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے اقدامات کے پیش نظر وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور پہلے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ ہفتہ کو ترجمان آئی سی ٹی ڈاکٹر عبداللہ تبسم کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اس سلسلہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ایسٹ) عثمان اشرف کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی ۔
اجلاس میں ڈینگی کی روک تھام کے لئے اب تک اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی گئی اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس میں صفائی ستھرائی، کوڑا کرکٹ کے مناسب انتظام اور عوامی آگاہی کی مہمات کو تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ ڈینگی ایک مہلک بیماری نہیں ہے، لیکن عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے چوکس اور فعال اقدامات انتہائی ضروری ہیں تاکہ ڈئنگی وائرس کے پھیلائو کو روکا جا سکے۔

انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے، کوڑء کرکٹ کو فوری تلف کرنے اور مچھروں کی افزائش کے ممکنہ مقامات ، ورکشاپس، ٹائر شاپس اور دیگر نظر انداز جگہوں پر پانی جمع ہونے سے روکنے کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دیں ۔ اجلاس میں فوگنگ مہم کے حوصلہ افزا نتائج کو تسلیم کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اسلام آباد میں فوگنگ کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ جہاں جہاں فوگنگ کا عمل کیا گیا ہے وہاں ڈینگی کے کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے۔
انہوں نے اس مہلک وائرس کے پھیلا پر قابو پانے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ اسلام آباد کے دیہی علاقوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے انہوں نے دیہی آبادیوں کو ترجیح بنانے کی اہمیت پر زور دیا،اور کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انتظامیہ کا بنیادی مقصد صحت عامہ کا تحفظ اور ڈینگی کے پھیلائو کو روکنا ہے۔ اجلاس کا اختتام پر ڈینگی پر جلد سے جلد قابو پانے کے اقدامات کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔