پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے مخدوم سید افتخار حسن گیلانی آئی پی پی میں شامل

اوچ شریف: (نیوز ڈیسک) سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین اور صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کی اوچ شریف آمد کے موقع پر پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے مخدوم سید افتخار حسن گیلانی نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر خان ترین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات میں تمام پارٹیوں کو حصہ لینا چاہئے، 9 مئی کا واقعہ انتہائی افسوسناک تھا، انشاءاللہ اس ملک میں ایسا واقعہ کبھی رونما نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اور عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی کے لئے بہت محنت کی، مگر ہمیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا اور ہم نے علیحدگی اختیار کی، مجھے پانامہ کیسز میں ناجائز طور پر نااہل کیا گیا، اب 5 سال کی مدت کے باعث نواز شریف کے ساتھ میری نااہلی بھی ختم ہوگئی ہے۔