شادی تقریبات میں ون ڈش اور وقت کی پابندی پر عملدرآمد کا حکم

ون ڈش یا اوقات کار کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت

لاہور ( نیوز ڈیسک ) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبے میں شادی تقریبات میں ون ڈش اور اوقات کار کی سختی سے پابندی کروانے کی ہدایت کردی، خلاف ورزی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کوکارروائی کرنے کا حکم دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ہدایت کی ہے کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں شادی تقریبات کے دوران ون ڈش اور رات 10 بجے کے اوقات کار پر من و عن عملدرآمد کرایا جائے، شادی ہالز کے ساتھ فارم ہاؤسز میں ہونے والی شادی تقریبات میں بھی ون ڈش یا اوقات کار کی پابندی کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے، ون ڈش یا اوقات کار کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہ برتی جائے۔
علاوہ ازیں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں صوبہ پنجاب سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی، نگران وزیراعظم نے صوبے میں امن وامان کے قیام کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہا جب کہ نگران وزیراعظم نے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں کامیابیوں پر بھی اطمینان ظاہر کیا، پنجاب کی مالی صورت حال بھی ملاقات میں زیر بحث آئی اور غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن پوری قوت سے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دوسری طرف پنجاب حکومت نے شوگر ملز سے چینی خرید کر عوام کو سستے داموں فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے شوگر ملز مالکان کے وفد نے ملاقات کی، شوگر ملز مالکان کے وفد میں ہارون اختر، ذکاء اشرف، فواد مختار اور دیگر شامل تھے، محسن نقوی نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے اتوار بازاروں میں خصوصی اسٹالز پر چینی فروخت کریں گے، شوگر ملز مالکان کی جانب سے پنجاب حکومت کو 140 روپے فی کلو چینی فروخت کی جائے گی۔