راولپنڈی اور اس کی تحصیلوں میں صفائی اور آگاہی سمیت ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں، لیاقت علی چٹھہ

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ اورچیئرمین راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ثاقب رفیق نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی سموگ اور ڈینگی کی روک تھام کیلئے جاری ہدایات کے مطابق راولپنڈی اور اس کی تحصیلوں میں صفائی اور آگاہی سمیت ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں، شہری کو ڑاکرکٹ جلانے اور کھلے عام پھینکنے سے گریز کریں ،ہم سب نے مل کر راولپنڈی اور اس کی تحصیلوں کو سموگ سے پاک کرنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گوجر خان میں اے سی گوجر خان مراد حسین نیکوکارہ، انجمن تاجران گوجر خان اور دیگر وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ اور چیئرمین آر ڈبلیو ایم سی ثاقب رفیق کی زیر صدارت اجلاس میں صفائی آپریشن کو تیز کرنے، آگاہی مہم اور ہفتہ صفائی منانے پر اتفاق کیا گیا۔
گوجر خان کی تاجر برادری نے بھی صفائی میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

قبل ازیں کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ اور چیئرمین آر ڈبلیو ایم سی ثاقب رفیق نے انسداد سموگ اور ڈینگی صفائی و آگاہی مہم کے سلسلے میں گوجر خان کا دورہ کر کے شہر میں صفائی آپریشن اور آگاہی مہم کا جائزہ لیا۔اے سی گوجرخان مراد حسین نیکو کارہ سے ملاقات میں سموگ اور ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے تحصیل گوجرخان میں صفائی آپریشن پر تبادلہ خیال کیا اور سموگ کی روک تھام کے لیے آگاہی مہم چلانے پر اتفاق کیا گیا۔
راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی گوجرخان میں ورکنگ کے حوالے سے سینئر منیجر آپریشن ڈاکٹر حامد اقبال، منیجر تحصیل عمیر قریشی اور اسسٹنٹ منیجر ولید عباسی نے کمشنر، چیئرمین،اے سی اور تاجر وں کے نمائندہ وفد کو تفصیلی بریفنگ دی۔بعد ازاں انہوں نے ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجر خان کا دورہ بھی کیا۔کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ اورچیئرمین آر ڈبلیو ایم سی ثاقب رفیق سے مرکزی انجمن تاجران گوجرخان کے صدر راجہ جواد کی قیادت میں گوجر خان کے تاجروں کے وفد نے بھی اے سی آفس میں ملاقات کر کے شہر میں صفائی کی بہتری کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔
کمشنر راولپنڈی اورچیئرمین آر ڈبلیو ایم سی نے گوجر خان کے تاجر نمائندوں کے ساتھ مل کر شہر کو صاف کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات میں ہفتہ صفائی اور عوام کی آگاہی مہم کے سلسلے میں بھی بات ہوئی۔