پاکستان سویٹ ہوم بلڈ بینک کے زیر اہتمام خون کے عطیات دینے کیلئے کیمپ کا انعقاد

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان سویٹ ہوم بلڈ بینک کے زیر اہتمام ہائی ٹیک ٹیکسلا میں خون کے عطیات دینے کیلئے کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں بڑی تعداد میں نوجوان طلباء نے خون کا عطیہ دیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور جو قومیں اپنے ہم وطنوں کے لیے قربانیاں دیتی ہیں وہ ملک کی تقدیر بدل سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے کہ ہائی ٹیک کے طلبہ بڑی تعداد میں خون کا عطیہ دے کر معصوم جانیں بچانے کے عظیم مشن میں مصروف عمل ہیں، انسانیت کی بے لوث خدمت میں ہمارے نوجوان کسی سے پیچھے نہیں۔زمرد خان نے کہا کہ خون کا عطیہ دینا ایک بہت بڑا صدقہ اور عبادت ہے، تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور بلڈ کینسر سے لڑنے والے معصوم بچے اکیلے نہیں ہیں، اگر مجھے ان بچوں کے لیے پورے پاکستان کا سفر کرنا پڑے تومیں ایک شہر سے دوسرے شہر جاؤں گا اور ان کے لئے خون کے عطیات جمع کروں گا، طلباء، خاص طور پر انتظامیہ کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نےاس نیک کام میں حصہ لیا، بلاشبہ نوجوان طلباء نے ہر مشکل صورتحال میں تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے لئے ہمیشہ بڑی تعداد میں خون کا عطیہ دیا ہے۔

انہوں نے دیگر تعلیمی اداروں، کالجوں اور یونیورسٹیوں بشمول انجینئرز، پروفیسرز اور وکلاء اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور دیگر حلقوں سے اپیل کی کہ وہ انسانیت کی خدمت کے اس عظیم سفر میں ہمارا ساتھ دیں اور اس نیک کام میں ہمارے ساتھی بنیں۔