راولپنڈی (نیوز ڈیسک) کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ کا ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا دورہ ، انہیں تعمیراتی کام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے شہر کے بڑے ہسپتال کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں،ہولی فیملی ہسپتال میں تعمیراتی کام آئندہ دو دن میں شروع ہو جائے گا جو تین ماہ کے اندر فروری 2024 تک مکمل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ان تین ماہ میں مریضوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے،کچھ دن کی معمولی پریشانی مریضوں کے لئے آئندہ کئی سالوں کے سکون کاُباعث بنے گی، مریضوں سے درخواست ہے کہ انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ اس سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال کو جلد از جلد مکمل و فعال کیا جاسکے۔
اس دوران ہسپتال کو مکمل بند نہیں کیا جائے گا، بلکہ نزدیک مارکی قائم کر کے وہاں ضروری انتظامات کئے جائیں گے۔
کمشنر راولپنڈی نے مزید کہا کہ شعبہ بیرونی مریضاں کی او پی ڈی حسب معمول جاری رہے گی،راولپنڈی شہر کے دیگر ہسپتالوں بشمول RIUT, BBH, DHQ اور ہلال احمر ہسپتال میں لوڈ شیئرنگ فارمولے کے تحت ہولی فیملی ہسپتال کے مریضوں کو منتقل کیا جائے گا، ہولی فیملی ہسپتال سے سٹاف اور ڈاکٹرز بھی دوسرے ہسپتالوں میں منتقل کیے جائیں گے تاکہ مریضوں کا لوڈ بڑھنے کی وجہ سے کوئی پریشانی نہ ہو، ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کو ہلال احمر ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
بریفنگ میں بتا یا گیا کہ گردے و مثانے کے مریض انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی میں ٹریٹ کئے جائیں گے،مریضوں کی شفٹنگ کے لئے ٹرانسپورٹیشن کا انتظام بھی رکھا جائے گا،ہولی فیملی ہسپتال کے نیو اور اولڈ بلاک میں تعمیراتی کام کیا جائے گا۔ کمشنر راولپنڈی نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کے حوالے سے عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے شہر کے مختلف حصوں میں بینرز آویزاں کی جائیں۔