نسٹ کالج آف الیکٹریکل اینڈ مکینیکل انجینئرنگ کے 29ویں کانووکیشن کا انعقاد

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) نسٹ کالج آف الیکٹریکل اینڈ مکینیکل انجینئرنگ کے منعقد ہونے والے انتیسویں کانووکیشن میں 580 سے زائد انڈرگریجویٹ، ایم ایس اور پی ایچ ڈی طلباء کو ڈگریاں دی گئیں ہیں ۔ الیکٹریکل، مکینیکل، کمپیوٹر اور سافٹ ویئر، میکاٹرانکس انجینئرنگ اور انجینئرنگ مینجمنٹ کے شعبوں میں فارغ التحصیل ہونے والے طلبا کو ڈگریاں دی گئیں۔
مسٹر ثاقب احمد کنٹری منیجنگ ڈائریکٹرایس اے پی نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ ریکٹر نسٹ انجینئر جاوید محمود بخاری نے گریجویٹس کو ڈگریاں دیں۔ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ثاقب احمدنے فارغ التحصیل طلباء کو مبارکباد دی اور تدریس اور تحقیق میں تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے پر EME کے NUST کالج اور جامعہ کی تعریف کی۔
انہوں نے کالج کی انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ دونوں سطحوں پر تحقیق اور ترقی پر توجہ دینے اور واشنگٹن ایکارڈ کے معیارات کے مطابق اپنے انجینئرنگ پروگراموں کی ایکریڈیٹیشن کو برقرار رکھنے پر بھی تعریف کی۔انڈر گریجویٹ سطح مختلف شعبوں میں صدارتی طلائی تمغہ کے حقدار قرار پانے والے طلبا و طالبات میں انجینئر سعد طارق، انجینئر دانیال ضیافت، انجینئر فاطمہ منصور اور انجینئر رانا حارث جاوید شامل ہیں ۔
پوسٹ گریجویٹ پروگراموں میں بہترین کارکردگی پر صدارتی طلائی تمغہ وصول کرنے والوں میں انجینئر صمیہ طارق، انجینئر فہد الحسن آصف مٹو اور انجینئر سدرہ مقدّس شامل ہیں۔ ڈاکٹر حامد جبار کو بہترین استاد کا ایوارڈ دیا گیا، بہترین کمیونٹی سروس (فیکلٹی) کا ایوارڈ ڈاکٹر عمر شہباز خان کو دیا گیا اور بہترین کمیونٹی سروس کا ایوارڈ (طالب علم) بلال عارف کو دیا گیا۔