ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کیلئے 368 رنز کا ہدف دے دیا

بنگلورو: (سپورٹس ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے 18ویں میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کیلئے 368 رنز کا ہدف دے دیا۔ بنگلورو کے چنا سوامی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز مچل مارش اور ڈیوڈ وارنر نے کیا، اوپننگ بیٹسمینوں نے آسٹریلیا کو ایک اچھا آغاز فراہم کیا اور 259 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی جس کے بعد مچل مارش 121 رنز بنا کر شاہین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے تاہم اگلی ہی گیند پر میکسویل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 284 کے مجموعی سکور پر گری جب اسٹیو سمتھ7 رنز بنا کر اسامہ میر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ 325 کے مجموعی سکور پر حارث رؤف کی گیند پر ڈیوڈ وارنر9 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 163 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ 339 کے مجموعی سکور پر گری جب جوش انگلس 13 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، مارکس سٹونس 21، مارنس لبوشین 8، مچل سٹارک 2، جوش ہیزل ووڈ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 5 ، حارث رؤف نے 3 جبکہ اسامہ میر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی سکواڈ

آج کے میچ کے لیے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، آؤٹ آف فارم نائب کپتان شاداب خان کو آرام دیکر لیگ سپنر اسامہ میر کو سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

پاکستانی ٹیم میگا ایونٹ میں تین میچز کھیل چکی ہے جن میں سے 2 میں کامیاب ہوئی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ آسٹریلیا بھی ٹورنامنٹ میں تین میچز کھیل کر ایک میں کامیاب جبکہ دو میں شکست کھا چکی ہے۔

ورلڈ کپ سے قبل ہونے والے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 14 رنز سے شکست دی تھی، راجیو گاندھی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 351 رنز بنائے جبکہ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 337 رنز بنا سکی تھی۔

پاکستان کیخلاف آسٹریلیا کا پلڑا بھاری
پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ون ڈے میچز میں 107 بار آمنے سامنے آئیں جن میں سے کینگروز نے 69 اور پاکستان نے 34 میچز اپنے نام کیے، تین میچز بغیر نتیجہ ختم ہوئے اور ایک میچ برابر رہا جبکہ ورلڈ کپ میچز میں دونوں ٹیمیں 10 بار ٹکرائیں، 6 بار جیت کینگروز کے نام رہی جبکہ صرف 4 میچز میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔

ایشیائی کنڈیشنز میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں میگا ایونٹ کے میچز میں دو بار مدمقابل ہوئیں، پہلی بار دونوں ٹیمیں 1987 کے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں آمنے سامنے آئیں تھیں اور آسٹریلیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد 18 رنز سے کامیابی حاصل کی، قومی ٹیم نے 268 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 249 رنز بنائے تھے۔

دوسری بار شاہین اور کینگروز 2011 کے ورلڈ کپ میں سری لنکا کے شہر کولمبو میں مد مقابل آئے، یہاں جیت گرین شرٹس نے اپنے نام کی، پاکستان نے آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی، قومی ٹیم نے 177 رنز کا ہدف 6 وکٹوں پر حاصل کیا تھا۔