پاکستان کا چارٹرڈ طیارہ فلسطینیوں کیلئے 100 ٹن امدادی سامان لے کر روانہ

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق پاکستان آرمی اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مظلوم فلسطینی عوام کیلئے امداد کی پہلی کھیپ روانہ کر دی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی جانب سے چارٹرڈ طیارہ 100 ٹن امدادی سامان لے کر اسلام آباد سے مصر کے لیے روانہ ہوا جہاں سے انہیں غزہ پہنچایا جائے گا، مظلوم فلسطینی بہن بھائیوں کی امداد کیلئے موسم سرما کیلئے ایک ہزار خیمے، 4 ہزار کمبل اور 3 ٹن ادویات شامل ہیں ۔

پاکستان کی جانب سے روانہ کی گئی کھیپ کے باعث متاثرین غزہ کو فوری ریلیف ملے گا، پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا اور ان کی حمایت جاری رکھے گا۔

ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق غزہ میں نہتے فلسطینیوں کو بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، فلسطین میں پاکستانی فوج بھیجنے کا کوئی ارادہ نہیں، پاکستان نے او آئی سی اجلاس میں غزہ پر ٹھوس مؤقف اختیار کیا۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی کارروائی پر پاکستان نے سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے، سلامتی کونسل اسرائیلی بمباری کے خاتمے کے لئے کردار ادا کرے۔