نگران حکومت کی طرح صدر عارف علوی کا کردار بھی محدود ہے ، سرکاری سطح پر ڈائیلاگ کے حوالے سے کچھ بھی زیر غور نہیں ۔ نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ان کی رائے میں 9 مئی کے منصوبہ سازوں اور حملہ آوروں کے ساتھ کسی ڈائیلاگ کی گنجائش نہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کی طرح صدر عارف علوی کا کردار بھی محدود ہے اور وہ اپنے عہدے کی معیاد پہلے ہی مکمل کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح پر ڈائیلاگ کے حوالے سے کچھ بھی زیر غور نہیں تاہم انہوں نے اصرار کیا کہ 9 مئی کے واقعات ریاست پاکستان کے خلاف منظم منصوبہ بندی کے تحت کیے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ان واقعات میں ملوث عناصر کے ساتھ ڈائیلاگ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔پی ٹی آئی نے صدر مملکت سے رابطہ کرکے ان سے درخواست کی تھی کہ پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی جماعتوں کا اسٹیلشمسنٹ کے ساتھ ڈائیلاگ کرایا جائے ، اب تک یہ واضح نہیں کہ صدر ایسا کوئی قدم اٹھائیں گے یا نہیں۔
۔اس حوالے سے جیو نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے صدر عارف علوی اصولا اس بات سے اتفاق کرتے ہیں لیکن یقین سے نہیں کہا جا سکتا کہ وہ ایسا کریں گے۔
پی ٹی آئی کو نو مئی کے واقعات کے بعد جن حالات کا سامنا کرنا پڑا اس کی وجہ سے پارٹی کے اندر بہت ہی زیادہ مایوسی پائی جاتی ہے تاہم پارٹی کو سیاست میں دوبارہ واپسی کا موقع نہیں مل رہا۔پی ٹی آئی کے کچھ رہنماؤں کے ساتھ پس منظر میں ہونے والی بات چیت سے معلوم ہوتا ہے کہ نو مئی کے حوالے سے پی ٹی آئی کی طے شدہ پالیسی چاہے کچھ بھی ہو لیکن پارٹی رہنما اس دن پیش آنے والے واقعات اور پارٹی کارکنوں کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری پر دکھائے گئے رد عمل پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی کے ذرائع نے کہا کہ کاش ایسا کچھ بھی نہ ہوا ہوتا، نو مئی کے واقعات نے پارٹی کو بری طرح نقصان پہنچایا۔پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے اس حوالے سے کہا کہ حال ہی میں انہوں نے صدر عارف علوی سے رابطہ کر کے درخواست کی کہ پی ٹی آئی سمیت سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان ڈائیلاگ کرایا جائے۔