فلسطینیوں کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے: آرمی چیف
دشمنوں کے اشاروں پر کام کرنے والوں سے طاقت سے نمٹیں گے، ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ مافیاکارٹلز کیخلاف کاروائیوں کو مزید تقویت دی جائے گی۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا خطاب
راولپنڈی (نیوز ڈیسک) آرمی چیف کی زیرصدارت کورکمانڈر کانفرنس میں ملک کو درپیش اندرونی بیرونی چیلنجز کا جائزہ لیا گیا اور خطرات سے نمٹنے کیلئے مئوثر حکمت عملی تیار کی گئی، آرمی چیف جنرل عاصم منیرنے کہا کہ دشمنوں کے اشاروں پر کام کرنے والوں سے طاقت سے نمٹیں گے، ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ مافیاکارٹلز کیخلاف کاروائیوں کو مزید تقویت دی جائے گی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے، مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل اور مقدس مقامات پر غیر قانونی قبضے کے خاتمہ کے لیے اصولی مؤقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کی زیرصدارت 260ویں کورکمانڈر کانفرنس ہوئی، کانفرنس کے شرکاء نے مستونگ ، ہنگو، ژوب کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔دہشتگردی کے خلاف فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
خطے کی صورتحال اور سلامتی کو درپیش چیلنجز اور خطرات کے جواب میں حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔
شرکاء نے عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو غیرمستحکم کرنے والے دشمنوں کے اشارے پر کام کرنے والوں سے طاقت سے نمٹیں گے، دہشتگردوں ، سہولتکاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر سے بھی ریاست طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔کورکمانڈرز کانفرنس میں غیرقانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کاروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ مافیاکارٹلز کے خلاف کاروائیوں کو مزید تقویت دی جائے گی، پاک فوج غیرقانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف حکومت کو ہرممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی، حکومت کی معاشی بحالی کے اقدامات عوام کی فلاح وبہبود کیلئے ہرممکن معاونت کریں گے۔