سی ڈی اےکے زیر اہتمام پلاٹوں کی نیلامی کے پہلے روز 4ر پلاٹ 7.743 ارب روپے میں نیلام، نیلامی 20 اکتوبر تک جاری رہے گی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سی ڈی اےکے زیر اہتمام ہونے والی نیلامی کے پہلے روز چار پلاٹ7.743 ارب روپے میں نیلام کئے گئے۔ نیلامی کے پہلے روز سرمایہ کاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور بھرپور مقابلہ دیکھنے میں آیا۔4روزہ پلاٹوں کا نیلام عام 20 اکتوبر تک جناح کنونشن سینٹر میں جاری رہے گا۔منگل کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق رہائشی و کمرشل پلاٹوں کے 4 روزہ نیلام عام کے پہلے روز مرکز I-8 میں واقع 666.67 مربع گز کا پلاٹ 53F ایک ارب 42 لاکھ میں فروخت ہوا۔
اسی طرح مرکز I.8 کا پلاٹ نمبر 53D ایک ارب 9 کروڑ روپے میں نیلام ہوا۔ اسی طرح مرکز G-11 میں واقع 711.11 مربع گز کا پلاٹ نمبر 28 ایک ارب 16 کروڑ روپے میں نیلام ہوا۔ بلیو ایریا کا 2666.66 مربع گز کا پلاٹ نمبر 8 چار ارب 45 کروڑ روپے میں نیلام ہوا۔
اس طرح مجموعی طور پر نیلامی کے پہلے روز چار پلاٹس 7.743 ارب روپے میں نیلام کئے گئے۔ پلاٹس کی نیلامی 18، 19 اور 20 اکتوبر کو بھی جاری رہے گی۔

پلاٹوں کی چار روزہ نیلامی میں مختلف کٹیگریز کے رہائشی و کمرشل پلاٹس سرمایہ کاری کے لئے پیش کئے جا رہے ہیں۔ نیلامی میں بلیو ایریا سمیت مختلف مراکز اور سیکٹر E-11 ناردرن سٹرپ کے پلاٹس نیلام کئے جا رہے ہیں۔ چار روزہ نیلامی میں پارک انکلیو کمرشل، کلاس تھری شاپنگ سینٹر ، ایگرو فارمز، اپارٹمنٹس اور انڈسٹری کے پلاٹ نیلامی کے لئے پیش کئے جائیں گے۔
اسی طرح نیلامی میں فروٹ، ویجٹیبل اینڈ میٹ شاپس اور آئی الیون مارکیٹس کے پلاٹس بھی فروخت کئے جائیں گے جبکہ پہلی مرتبہ ہاسٹلز کے لئے مختص پلاٹس مختص پلاٹس نیلامی کے لئے پیش کئے جائیں گے۔ پلاٹوں کی4روزہ نیلامی میں رہائشی پلاٹس بھی نیلام کئے جائیں گے۔ نیلامی کی نگرانی سی ڈی اے ممبر اسٹیٹ کی سربراہی میں قائم کی گئی نیلامی کمیٹی کررہی ہے۔موصول ہونے والی بولیوں کو مکمل جانچ پڑتال کے بعد سی ڈی اے بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے گا جو بولیوں کو منظور یا مسترد کرنے کا مجاز فورم ہے۔