کراچی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بندش کی وجہ سے فلائٹ شیڈول متاثر نہیں ہوا،ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی وضاحت

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ کراچی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کچھ دیر بجلی بندش کی وجہ سے کوئی فلائٹ شیڈول متاثر نہیں ہوا۔ ترجمان نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ سول ایوی ایشن گرڈ سٹیشن سے 15 اکتوبر کو رات 11بجکر 19 منٹ پر بجلی فیل ہوئی اور 11 بجکر 56 منٹ پر بحال کر دی گئی۔

ترجمان نے کہا کہ اس دوران عمارت کے ڈومیسٹک سائیڈ میں بجلی سپلائی معمول پر رہی تاہم جنریٹر کے اے ایم ایف ماڈیول میں خرابی کے باعث عمارت کی بین الاقوامی سائیڈ کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ اے ایم ایف ماڈیول میں خرابی کم فریکوئنسی کی وجہ سے پیدا ہوئی جس کو دور کردیا گیا۔ایئر سائیڈ جنریٹر کے ذریعے ایئر سائیڈ پر معمول کے مطابق 30 سیکنڈز کے اندر بجلی بحال ہوئی۔ ترجمان نے کہا کہ بریک ڈاؤن کے دوران کوئی بھی فلائٹ کسی خطرہ سے دوچار نہیں ہوئی، فلائی جناح فلائٹ 675 کو تیز کراس ونڈز کے باعث گو آراونڈ کرایا کیا جس نے 11 بجکر 45 منٹ پر بحفاظت لینڈ کیا۔