فیفا ورلڈکپ کوالیفائنگ راؤنڈ:کمبوڈیا فٹبال ٹیم کا اسلام آباد میں شرمناک استقبال

ٹیم کے کھلاڑیوں اور ان کا سامان ہوٹل لے جانے کیلئے پیر ووھائی سے لوکل کوسٹر اور شہزور ٹرک پکڑ کر شرمناک انداز میں کام چلایا گیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) فیفا ورلڈکپ کوالیفائنگ راؤنڈ، کمبوڈیا فٹبال ٹیم کا اسلام آباد میں شرمناک استقبال کیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق ٹیم کے کھلاڑیوں اور ان کا سامان ہوٹل لے جانے کیلئے پیر ووھائی سے لوکل کوسٹر اور شہزور ٹرک پکڑ کر شرمناک انداز میں کام چلایا گیا۔ ٹیم کا سامان ٹرکوں میں بھر کر ہوٹل لے جایا گیا اور ائیرپورٹ پر مہمانوں کو ہوٹل لے جانے کیلئے مناسب انتظام نہیں کیا گیا۔
ائیرپورٹ پر کارگو ٹرکس بھی موجود نہیں تھے اور نہ ہی بین الاقوامی کھلاڑیوں کیلئے استعمال کی جانے والی وی آئی پی کوچز کا استعمال کیا گیا۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق مہمان ٹیم کا سامان لوڈنگ ٹرکوں میں رکھنے کیلئے ائیر پورٹ عملے کی بھی خدمات نہیں لی گئیں۔
مہمان کھلاڑی اپنی مدد آپ کے تحت ٹرکوں میں سامان رکھ کر ائیرپورٹ سے ہوٹل روانہ ہوئے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان فیفا ورلڈ کپ 2026 کوالیفائنگ راؤنڈ کا دوسرا میچ ہوم بنیاد پر 17 اکتوبر کو اسلام آباد کے پی ایس بی اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے جس کیلئے کمبوڈیا کی ٹیم کا 39رکنی اسکواڈ ہفتے کو رات گئے اسلام آباد پہنچا۔ ہوم بنیاد پر پاکستانی ٹیم اپنے گراؤنڈ پر کموڈیا کا مقابلہ کرے گی اس لیے امکان ہے کہ قومی ٹیم ہوم گراؤنڈ اور کراؤڈ کا فائدہ حاصل کرتے ہوئے میچ میں برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ پاکستانی ٹیم ایک صفر کی کامیابی کے ساتھ بھی اگلے راؤنڈ میں پہنچ جائے گی۔ ہوم لیگ کی تیاری کے سلسلے میں پاکستان اسپورٹس کمپلیکس کے جناح اسٹیڈیم میں ٹریننگ کر رہی ہے۔