اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے خوشخبری، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی فی لٹر قیمت میں 40 روپے کمی کی گئی ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 283 روپے 38 پیسے فی لٹر ہو گئی۔
ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 303 روپے18 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 22 روپے 43 پیسے کی کمی کی گئی ، جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 214 روپے 85 پیسے فی لٹر ہوگئی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی بنیادی وجہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوچکا ہے۔
یاد رہے کہ 30 ستمبر کو پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے فی لٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے فی لٹر کمی کی گئی تھی۔