اسلام آباد، لاہور، کراچی اور پشاور سمیت ملک بھر میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) فلسطینی مسلمانوں پر جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف اسلام آباد، لاہور، کراچی اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بھرپور احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔

پاکستانی قوم نے 13 اکتوبر کا دن یوم یکجہتی فلسطین کے طور پر منایا، نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن میں فلسطینیوں پر ہونے والے اسرائیلی مظالم کی بھرپور مذمت کی گئی۔

احتجاجی ریلیوں میں شریک مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی بربریت کے خلاف اور فلسطینیوں کی حمایت میں نعرے درج تھے۔

اسلام آباد
شہر اقتدار میں مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں یوم یکجہتی فلسطین منایا گیا، مظلوم فلسطینی مسلمانوں پراسرائیلی بربریت کے خلاف مختلف تنظیموں کی جانب نیشنل پریس کلب کے باہراحتجاج کیا گیا، ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور فلسطینی جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک کے حکمرانوں کو کھل کر اسرائیلی بربریت کی مذمت کرنی چاہیے، ہم اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں، غزہ میں معصوم بچوں اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، آج وقت ہے ہم زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات کریں۔

لاہور
لاہور شہر کے مختلف حصوں میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بھرپور احتجاجی مظاہرے کیے گئے، شرکا نے اسرائیلی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔

پشاور
قصہ خوانی بازار میں امامیہ جرگہ، مجلس وحدت المسلمین نے فلسطین کے حق میں ریلی نکالی، مظاہریننے اقوام متحدہ سے اسرائیلی جارحیت فوری روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی فوری بند کی جائے۔

کراچی
کراچی میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے شہر کے مختلف حصوں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس میں فلسطین کے حق میں نعرے درج تھے، شرکا کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا فوری حل وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

اوچ شریف
اوچ شریف میں جمعیت علماء اسلام کی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی جس میں کارکنان اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی، شرکا نے اسرائیل مردہ باد اور فلسطین زندہ باد کے نعرے لگائے اور کہا کہ ظالم اور غاصب اسرائیل جلد اپنے انجام کو پہنچے گا۔

قصور
قصور میں غزہ کے مسلمانوں کے حق میں ریلی نکالی گئی، اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں شرکا نے کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے، شرکا نے مسلم حکمرانوں سے فلسطین کی کھل کر حمایت کا مطالبہ کیا۔

خیبر
خیبر میں جے یو آئی نے اسرائیلی مظالم کے خلاف بھرپور احتجاج کیا، مظاہرین نے اسرائیل کا جھنڈا بھی نذرے آتش کردیا، شرکا کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے معصوم فلسطینیوں پر ظلم وبریت کی انتہا کردی ہے۔

حجرہ شاہ مقیم
حجرہ شاہ مقیم میں مذہبی جماعتوں سمیت سینکڑوں شہریوں کی طرف سے اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکا کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکمران عالمی سطح پر فلسطین پر ہونے والے مظالم بند کروانے کیلئے کردار ادا کریں۔

پھول نگر
پھول نگر جامع مسجد عثمانیہ میں جمعہ کی نماز کے بعد فلسطین کے مسلمانوں کے حق مین قرارداد منظور اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی گئی، مسجد میں موجود افراد کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کو فلسطین کے مسلمانوں کی حمایت کرنی چاہیے۔

کرک
کرک میں جمیعت علماء اسلام نے فلسطین سے یکجہتی کیلئے ریلی نکالی، مظاہرین نے پیر اودین شاہ مسجد سے ریلی نکال کر صدام چوک تک مارچ کیا، اس دوران وہ اسرائیل کے خلاف فلک شگاف نعرے بازی بھی کرتے رہے۔

سانگلہ ہل
سانگلہ ہل میں شہریوں نے مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی، ریلی میں علما کرام، مذہبی و سماجی جماعتوں سمیت شہریوں نے بھرپور شرکت اور اسرائیل کی فلسطین پر حملوں کی مذمت کی۔

عمرکوٹ
عمرکوٹ میں بھی جے یو آئی کے زیر اہتمام فلسطینیوں سے یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی، ریلی زکریا مسجد سے پریس کلب تک نکالی گئی جس میں مدارس کے طلبہ اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

وہاڑی
وہاڑی میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مرد وخواتین کی ریلی نکالی گئی جس میں شرکا نے اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کے حق میں نعرے بازی کی۔

جیکب آباد
جمیعت علماء اسلام نے جیکب آباد میں بھی فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالیں جن میں نجی سکول کے طلبہ نے بھی شرکت کی، شرکا نے مظلوم فلسطینیوں پر جاری حملوں کی شدید مذمت کی۔

پتوکی
پتوکی میں جمعہ کی نماز کے بعد فلسطین کے حق میں کچہری چوک سے ختم نبوت چوک تک ریلی نکالی گئی، ریلی میں تمام مکاتب فکر کے علماء کے ساتھ ساتھ بچے، بوڑھے اور نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کے حق میں شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ مسلم قوم ایک جسم کی مانند ہے اور ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ڈیرہ بگٹی
ڈیرہ بگٹی میں سوئی اور پیرکوہ میں فلسطین کے حق میں سول سوسائٹی اور شہریوں نے ریلی نکالی، ریلی میں مذہبی رہنماؤں، تاجروں، صحافیوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

بہاولپور
فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے بہاولپور میں مجلس وحدت المسلمین اور انجمن حسینہ نے فرید گیٹ پر احتجاجی مظاہرہ کیا، ریلی میں جماعت اسلامی کے کارکنان نے بھی شرکت کی جبکہ خواتین کی بھی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔

ہارون آباد
ہارون آباد میں اسرائیل کی فلسطینیوں پر بربریت کے خلاف ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی چوک فوارہ میں اختتام پذیر ہوئی، مقررین کا کہنا تھا کہ اسرائیل مظلوم فلسطینیون پر ظلم کے پہاڑ گرا رہا ہے، پاکستان کو عالمی سطح پر مسئلہ فلسطین کو اٹھانا چاہیے۔

سکھیکی
سکھیکی میں فلسطین کے حق میں ریلی نکالی گئی جس میں شرکا نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، شرکا نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ کو متحد ہوکر کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔

اوکاڑہ
اوکاڑہ میں اسرائیلی مظالم اور فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

شرکا نے غزہ کے شہریوں پر بمباری بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا بچہ، بچہ فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے، دنیا اسرائیلی ظلم و بربریت کا نوٹس لے اور اس پر تمام مسلم ممالک مشترکہ حکمت عملی بنائیں۔