خدشہ ہے میرے شوہر کو سیاسی وابستگی تبدیل کرنے پر مجبور کرنے کیلئے شدید تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے‘ شوہر کی گمشدگی پر نوٹس لینے اور بازیاب کروانے کی استدعا ہے۔ خط کا متن
فیصل آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فرخ حبیب کی اہلیہ نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے نام لکھے خط میں شوہر کی گمشدگی پر نوٹس لینے اور بازیاب کروانے کی استدعا کردی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فرخ حبیب کی جبری گمشدگی کے معاملے پر ان کی اہلیہ نے اپنے شوہر کی بازیابی کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان کے نام خط لکھ دیا، جس میں انہوں نے چیف جسٹس سے فرخ حبیب کی جبری گمشدگی کا فوری نوٹس لینے اور جلد از جلد بازیابی یقینی بنانے کی استدعا کردی۔
پی ٹی آئی رہنماء اور سابق وزیر مملکت کی اہلیہ نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ فرخ حبیب کی بازیابی کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں حبسِ بے جا کی درخواست دائر کی گئی جس پر تاحال کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی، عدالتی حکم کے باوجود حکام فرخ حبیب کے آئینی حقوق کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے انہیں کسی بھی عدالت میں پیش کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنماء کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے میرے شوہر کو اپنی سیاسی وابستگی تبدیل کرنے پر مجبور کرنے کیلئے شدید تشدد اور ٹارچر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، سیاسی رہنماؤں کے اغواء اور جبری گمشدیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات تشویشناک ہیں جن میں اعلیٰ عدلیہ کی مداخلت ناگزیر ہے، محترم چیف جسٹس سے ہمارے خاندان کے بنیادی حقوق کے محافظ کے طور پراس معاملے کا فوری نوٹس لینے اور فرخ حبیب کی بازیابی یقینی بنانے کی استدعا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ صوبہ بلوچستان کے علاقہ گوادر سے سابق وفاقی وزیر فرخ حبیب، ان کے بھائی اور دیگر 4 ساتھیوں کو پولیس یونیفارم میں ملبوس ایک شخص اور 7 سے 8 سادہ کپڑوں میں نامعلوم افراد نے آدھی رات کے وقت بغیر کسی وارنٹ کے حراست میں لیا، ہم امید کرتے ہیں قانون کے مطابق تمام زیرحراست افراد کو عدالت میں پیش کیا جائے گا، اس حوالے سے تحریک انصاف کے وکلاکو بھی قانونی کاروائی کے لیے الرٹ کر دیا گیا۔