بھارتی شہر احمد آباد کے موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے رپورٹ جاری کر دی
احمد آباد (سپورٹس ڈیسک ) پاک بھارت ورلڈکپ ٹاکرا بھی بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ؟ بھارتی شہر احمد آباد کے موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے رپورٹ جاری کر دی۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کا سب سے بڑا مقابلہ کل احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس حوالے سے پِچ اور موسم کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
ورلڈکپ کے آغاز کے بعد سے اب تک بھارت کے کسی میزبان شہر میں بارش کی وجہ سے کوئی میچ متاثر نہیں ہوا، تاہم پاک بھارت ٹاکرے سے قبل سامنے آنے والی رپورٹ نے ڈیڑھ ارب شائقین کرکٹ کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے نوراتری اور پاک بھارت ٹاکرے کے دوران احمد آباد اور شمالی گجرات میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
ہندوستانی محکمہ موسمیات نے کہا کہ “گجرات میں اگلے پانچ دنوں کے دوران موسم خشک رہنے کی توقع ہے، وہیں احمد آباد ضلع میں 14 اکتوبر کو الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
” کل احمد آباد میں درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے اور سخت گرمی اور حبس کی پیشن گوئی بھی کی گئی ہے۔ بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق 14 اکتوبر کو احمد آباد میں بارش کے 35 فیصد امکانات ہیں۔ دوسری جانب احمد آباد کی وکٹ کی ساخت کے حوالے سے بھی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی سٹیڈیم کی پِچ بیٹرز کے لیے سازگار ہوگی ،ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں بھی بیٹرز نے یہاں کھل کر رنز بنائے تھے۔
احمد آباد میں میچ کے آغاز میں فاسٹ بولرز کو اضافی باؤنس اور سوئنگ ملے گی جبکہ مڈل اوورز میں سپنرز کو بھی مدد ملنے کی امید ہے تاہم مجموعی طور پر بیٹرز کو شاٹس کھیلنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی ۔ یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی والٹیج میچ 14 اکتوبر بروز ہفتہ احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔ پاکستانی وقت کے مطابق یہ میچ دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوگا۔