اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں خارج کرنے کیخلاف درخواست پر نوٹسز جاری کر رکھے ہیں،نیب کی جانب سے گرفتاری ڈالے جانے کا خدشہ ہے،عمران خان کو مرکزی درخواستوں پر فیصلے تک گرفتار کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کرے۔درخواست میں استدعا
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے دونوں نیب ریفرنسز میں گرفتاری سے بچنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ عمران خان کی توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈز ریفرنسز میں ضمانت کی درخواستیں خارج ہو گئی تھیں جس کے بعد آج چیئرمین پی ٹی آئی نے دونوں نیب ریفرنسز میں گرفتاری سے بچنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں متفرق درخواستیں دائر کردیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی تھی احتساب عدالت نے 10 اگست 2023 کو عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں خارج کیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے ضمانت کی درخواستیں خارج کرنے کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں خارج کرنے کیخلاف درخواست پر نوٹسز جاری کر رکھے ہیں، درخواست میں مزید کہا گیا کہ دریں اثناء نیب کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کی ان دونوں ریفرنسز میں گرفتاری ڈالے جانے کا خدشہ ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ احتساب عدالت کا 10 اگست 2023 کے فیصلے پر عملدرآمد معطل قرار دے ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ عمران خان کو مرکزی درخواستوں پر فیصلے تک گرفتار کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کرے۔دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی توہین الیکشن کمیشن کارروائی کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی، عمران خان کی جانب سے سمیر کھوسہ ایڈووکیٹ نے دلائل دئیے جب کہ فواد چوہدری کے وکیل فیصل چوہدری نے ریکارڈ پیش کرنے کیلئے مہلت طلب کی، ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت پر الیکشن کمیشن سے ریکارڈ طلب کر لیا، عدالت نے درخواست پر مزید سماعت 18 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔