راولپنڈی (نیوز ڈیسک) ڈی جی ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس کی خصوصی ہدایات پر کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی میں شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا ، ایڈیشنل چیف ایگزیکٹو آفیسر کینٹ بورڈ عمیر محبوب نے شہریوں کے مسائل سنے اور درخواستیں وصول کیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ سیکرٹری راولپنڈی کینٹ محمد ریاست اور مختلف برانچوں کے سربراہان بھی موجود تھے۔
ایڈیشنل سی ای او عمیر محبوب نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا کنٹونمنٹ بورڈ کی اولین ترجیح ہے ، کھلی کچہری کے علاوہ بھی شہریوں کے مسائل سنے جاتے ہیں اور ان کے حل کے لئے متعلقہ برانچوں کو احکامات جاری کئے جاتے ہیں، اس دوران مختلف شہریوں نے واٹر سپلائی ، صفائی، سٹرکوں گلیوں کی مرمت، تجاوزات ٹیکس اور روزگار کی فراہمی کے حوالے سے درخواستیں جمع کرائیں۔
ایڈیشنل سی ای او نے موقع پر متعلقہ برانچوں کو قواعد وضوابط کے مطابق شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لئے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے شہریوں کو بتایا کہ راولپنڈی کینٹ بورڈ کی جانب سے ہر سال دو مرتبہ تمام چھوٹے بڑے نالوں کی صفائی کی جاتی ہے ، شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنا کوڑا کرکٹ نالوں میں نہ پھینکیں بلکہ کنٹونمنٹ بورڈ کے مختص کردہ پوائنٹس میں پھینکیں ۔