زائد منافع وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرراولپنڈی

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل مجاہد عباس نے کہاکہ اشیاء ضروریہ کی مقرر کردہ قیمتوں سے زائد منافع وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی جیبوں پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہر بازار میں الگ الگ اشیاء خوردونوش کی قیمتیں دیکھنے کو ملتے ہے جو کہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہاکہ سنبری منڈی سے سبزی اور فروٹ کے ریٹ کو چیک کیا جائے اور مقرر کردہ قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اشیاء خوردونوش کی مقرر کردہ قیمتوں سے زائد منافع وصول کرنے والے دکانداروں کو جرمانے کے ساتھ انکے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ ریٹ لسٹ آویزاں کے عمل پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں میں پرائس کنٹرول کمیٹی کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز اور سپیشل پرائس مجسٹریٹس نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مجاہد عباس نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ہمارا مقصد کسی کو تنگ کرنا ہرگز نہیں بلکہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ اشیاء ضروریہ خریدنے سے پہلے ریٹ لسٹ ضرور چیک کریں۔