بریگیڈیئر سطح کے ریٹائرڈ افسران بھرتی کیے جائیں گے
اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) قومی احتساب بیورو (نیب) نے ملک بھر میں کارروائیوں کے کے لئے انٹیلی جنس ماہرین بھرتی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب نے کرپشن کے خلاف کارروائیوں کیلئے بریگیڈیئر سطح کے ریٹائرڈ افسران بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ریجنل بیوروز میں جونیئرایکسپرٹ بھرتی کئے جائیں گے اور نیب کا انٹیلی جنس ونگ ملک بھر میں کارروائیاں کرے گا۔
بتایا گیا ہے کہ نیب نے اربوں روپے مالیت کے کرپشن ریفرنسز دوبارہ کھولنے کے بعد کرپشن کے خلاف کارروائیوں کے لیے حساس اداروں کے افسران کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا اور اس حوالے سے چیئرمین نیب کی منظوری سے خط بھی لکھا گیا، نیب نے اپنے خط میں اہم عہدوں پر تقرریوں کے لیے ڈیپوٹیشن پر حساس اداروں سے افسران طلب کیے ہیں۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نیب دفاتر میں مؤثر اور مضبوط انٹیلی جنس سسٹم قائم کیا جائے گا۔
احتساب کا عمل تیز اور مؤثر بنانے کیلئے حساس اداروں کے افسران اور اہلکاروں سے معاونت لی جائے گی جب کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد تمام کیسز چلانے میں بھی افسران معاونت کریں گے۔ دوسری جانب سپریم کے فیصلے کی روشنی میں نیب کیسز بحال ہونے کے بعد اہم پیشرفت ہوئی ہے،اسلام آباد کی احتساب عدالت میں تمام کیسز کا ریکارڈ پیش کر دیا گیا، نیب ٹیموں نے 81 کرپشن کیسز کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا، آصف زرداری، نواز شریف، یوسف رضا گیلانی، شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور اسحاق ڈار کے ریفرنسز کا ریکارڈ احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، اس کے علاوہ مراد علی شاہ، شرجیل میمن اور اومنی گروپ کے کیسز کا ریکارڈ بھی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔