اے ٹی سی نے عمران خان کی ضمانتوں کی تین درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کر لیں

اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں چیئرمین پی ٹی آئی کی خارج شدہ درخواستیں دوبارہ مقرر کی گئیں

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) انسدادِ دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی تین درخواستِ ضمانتوں پر سماعت 16 اکتوبر کو مقرر کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اے ٹی سی جج ابوالحسنات ذوالقرنین 16 اکتوبر کو تینوں درخواستوں پر سماعت کریں گے ۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ کھنہ میں ایک، تھانہ بارہ کہو میں دو مقدمات درج ہیں ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں چیئرمین پی ٹی آئی کی خارج شدہ درخواستیں دوبارہ مقرر کی گئیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی عدم حاضری پر اے ٹی سی نے تینوں درخواستِ ضمانتیں خارج کردی تھیں۔بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی درخواست منظور کر لی تھی۔دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سائفر کیس کے جیل ٹرائل کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
تفصیلات کے مطابق درخواست میں وزارتِ قانون کو مستقبل میں جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وزارتِ قانون کو مستقبل میں ایسا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روکا جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹرائل کورٹ کی اٹک جیل منتقلی کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ ہے،درخواست زیرالتوا ہونے کے دوران وزارت قانون نے ویسا ہی نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ وزارت قانون نے این او سی جاری کیا کہ اڈیالہ جیل میں ٹرائل پر کوئی اعتراض نہیں،اسلام آباد ہائیکورٹ میں وزارتِ قانون کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا گیا۔ہائیکورٹ طے کرے کہ کیا وزارت قانون ایسا نوٹیفکیشن جاری کر سکتی ہے،ہائیکورٹ طے کرے کہ کیا ٹرائل جج وزارتِ قانون کے نوٹیفکیشن کا پابند ہو گا،استدعا ہے کہ مرکزی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا جائے۔