اساتذہ نے صوبائی وزیر کو سکولوں کے انتظامات بارے تفصیلی بریفنگ دی
راولپنڈی(نیوز ڈیسک) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر نے اساتذہ کے عالمی دن کے حوالے سے گورنمنٹ مسلم ہائر سیکنڈری سکول نمبر 1، سید پور روڈ اور گورنمنٹ مدرسہ ملیہ اسلامیہ ہائی سکول سیٹیلائٹ ٹاؤن کا دورہ کیا سکولوں پر آمد پر سٹوڈنٹس نے صوبائی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا اساتذہ نے صوبائی وزیر کو سکولوں کے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ڈاکٹر جمال ناصر کلاس رومز میں بھی گے سکولوں کے سبزہ زار سمیت دیگر حصوں کا بھی معائنہ کیاطلبا سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرنے کہا کہ لگن اور محنت سے تعلیم حاصل کرنا سٹوڈنٹس کی اولین ڈیوٹی ہے اور اپنے اساتذہ کے ساتھ عزت و احترام کے ساتھ پیش آئیں انہوں نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں اور ملک کے تمام شعبوں میں مختلف مہارتوں کے حامل افراد کی تعلیم اور تربیت کا بیڑہ انہوں نے ہی اٹھایا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر سکول سے لیکر کالج اور یونیورسٹی تک کے تمام اساتذہ سے رابطہ میں رہتے ہیں اور انکی خیریت معلوم کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں اللہ تعالیٰ نے جن بھی کامیابیوں سے نوازا ہے اس میں والدین کی دعاؤں کے بعد اساتذہ کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ملک اس وقت ایک نازک دور سے گزر رہا ہے اور ایسے حالات میں ہمارے اساتذہ اور طالب علموں کی محنت اور لگن ہی ملک کی قسمت بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے کیونکہ پاکستان کی نوجوان نسل محب وطن ہے اور وہ جدید علوم پر مہارت حاصل کرنے کیلئے محنت اور جدو جہد بھی کرتے ہیں