طاقت کے استعمال کا حق صرف ریاست کے پاس ہے،نگران وزیراعظم

ریاست کے علاوہ کسی کوبھی طاقت کے استعمال کی اجازت نہیں ہو گی،پاکستان میں کسی بھی سیاسی مسلح گروہ، جتھے یا تنظیم کی اجازت نہیں ہے ،مسلح گروہوں اور جتھوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، ایپکس کمیٹی اعلامیہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت قومی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت اعلٰی سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ ایپکس کمیٹی کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ایپکس کمیٹی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ طاقت کے استعمال کا حق صرف ریاست کے پاس ہے۔
ریاست کے علاوہ کسی کوبھی طاقت کے استعمال کی اجازت نہیں ہو گی۔ پاکستان میں کسی بھی سیاسی مسلح گروہ، جتھے یا تنظیم کی اجازت نہیں ہے ۔ مسلح گروہوں اور جتھوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ۔ ریاست کسی کو مذہب کی من پسند تشریح کر کے سیاسی مقاصد حاصل کرنیکی اجازت نہیں دے گی،۔ اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادی اسلام اور پاکستان کے آئین کا حصہ ہے۔
ملک میں قائم تنظیمیں پر امن اور مہذب طریقے سے اپنے جائزمطالبات ریاست کے سامنے رکھ سکتی ہیں ، ایپکس کمیٹی نے کہا کہ اگر کوئی تنظیم طاقت یا تشدد کا راستہ اختیار کرے گی تو اس سے سختی سے نمٹا جائے گا، پروپیگنڈا اور غلط معلومات کی مہم جوئی کرنے والوں کو سائبر قوانین کے تحت سختی سے نمٹا جائے گا، قوانین کی آگاہی اور عمل درآمد کیلئے تکنیکی طریقہ کار وضع کیے جارہے ہیں ، یہ طریقہ کار قانون کی پاسداری اور عوام کی سہولت کو مدنظر رکھ کر بنائے جا رہے ہیں، ایمان، اتحاد اور نظم کے بنیادی اصولوں کو یقینی بنایا جائے گا، دنیا میں تمام ترقی یافتہ قومیں نظم و ضبط کو اپنا کرہی ترقی کی راہ پر گامزن ہوئی ہیں۔
اجلاس میں نادرا کو جعلی شناختی کارڈز کی منسوخی کوفوری طور پر یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی،نادرا کو کسی کی شناخت میں شک پر تصدیق کیلئے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ویب پورٹل اور یو اے این ہیلپ لائن پر پاکستان میں مقیم غیر ملکی افرادکی معلومات فراہم کی جا سکتی ہیں، غیر قانونی مقیم افراد کی رہائش یا کاروبار کرنے والوں کی معلومات بھی فراہم کی جا سکتی ہیں۔