لاہور: (سپورٹس ڈیسک) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ورلڈ ایتھلیٹکس نیزہ بازی چیمپئن شپ میں سلور میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو 30 لاکھ روپے کا چیک بطور انعام دیا ہے۔
نگران وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے ارشد ندیم کی ملاقات ہوئی جس میں محسن نقوی نے ارشد ندیم کو 30 لاکھ روپے کا چیک دیا، نگران وزیراعلیٰ نے ارشد ندیم کی درخواست پر میاں چنوں سٹیڈیم کیلئے فنڈز فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کم وسائل کے باوجود پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیت ہر قسم کے شک و شبہے سے بالاتر ہے۔ ملاقات کے دوران مستقبل میں اپنے اہداف سے متعلق بات کرتے ہوئے ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے گولڈ میڈل حاصل کرنا میرا ہدف ہے۔
ملاقات کے دوران نگران صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر، اظفر علی ناصر، منصور قادر، صوبائی مشیر وہاب ریاض اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔