9 مئی واقعات کیس میں ضمانت حاصل کرنے والی پی ٹی آئی کی خواتین کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا

پیر کی رات کو رہائی کے بعد کوٹ لکھپت جیل سے باہر آنے والی خواتین کو پنجاب پولیس نے اسی وقت دوبارہ حراست میں لے لیا

لاہور (نیوز ڈیسک) 9 مئی واقعات کیس میں ضمانت حاصل کرنے والی پی ٹی آئی کی خواتین کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا، پیر کی رات کو رہائی کے بعد کوٹ لکھپت جیل سے باہر آنے والی خواتین کو پنجاب پولیس نے اسی وقت دوبارہ حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق 9 مئی واقعات کے الزام میں گرفتار تحریک انصاف کے خاتون کارکن صنم جاوید سمیت 3 خواتین کو رہائی کے فوری بعد دوبارہ حراست میں لے لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صنم جاوید سمیت پی ٹی آئی کی 3 خواتین کو پیر کی رات کو لاہور کے کوٹ لکھپت جیل سے رہا کیا گیا، رہائی پانے کے بعد مذکورہ خواتین جیسے ہی جیل سے باہر آئیں، انہیں پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔ دوسری جانب صنم جاوید سمیت 9 ملزموں کی ضمانتوں کو پراسیکیوشن نے انسداد دہشتگردی عدالت کا فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پراسیکیوشن کی ضمانتیں خارج کروانے کی درخواست کی تیاری پر مشاورت جاری ہے۔ اے ٹی سی کا مصدقہ فیصلہ موصول ہوتے ہی درخواست دائر کی جائے گی۔ ملزمان کے خلاف پولیس تھانہ سرور روڈ میں جناح ہائوس پر حملے اور جلا ئوگھیرا ئوکے الزام میں مقدمہ درج ہے۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ہفتے کے روز جناح ہائوس حملہ کیس میں ملوث صنم جاوید سمیت 9 ملزموں کی ضمانتیں منظور کی تھیں جبکہ خدیجہ شاہ سمیت 39ملزمان کی درخواستیں مسترد کر دی گئیں۔
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد جاوید نے ضمانتوں پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے صنم جاوید خان، روبینہ جمیل، عالیہ حمزہ،افشاں طارق ،آشمہ شجاع، شاہ بانو، فیصل اختر ، علی حسن اورحسین قادری سمیت 9ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں منظور کیں۔ عدالت نے تمام ملزموں کی ایک ایک لاکھ مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کیں۔ جبکہ عدالت نے خدیجہ شاہ سمیت 39ملزمان کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دیں۔