4 ماہ سے لاپتہ صحافی عمران ریاض کی پہلی تصویر سامنے آ گئی

آپ سب بھی شہزادے کو دیکھ لیں، عمران ریاض کےوکیل میاں علی اشفاق نے تصویر سوشل میڈیا پر شئیر کر دی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) چار ماہ سے لاپتہ معروف صحافی عمران ریاض گھر پہنچ گئے۔سیالکوٹ پولیس اور وکیل میاں علی اشفاق نے عمران ریاض کے بخریت ہونے کی تصدیق کر دی۔سیالکوٹ پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا گیا کہ اینکر عمران ریاض خان صاحب بازیاب ہو چکے ہیں۔ وہ اپنے گھر پہنچ چکے ہیں اور اپنے اہلخانہ کے ساتھ موجود ہیں۔
اب عمران ریاض کی ایک تصویر بھی سامنے آئی ہے جو ان کے وکیل کی جانب سے شئیر کی گئی۔میاں علی اشفاق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عمران ریاض کے ہمراہ تصویر شئیر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مجھ پر پمیشہ کے لئے حق اور میرے حصے کی ذمہ داریاں ختم نہ ہوں گی- اسکے ساتھ تھا، ہوں اور رہتی دنیا تک رہوں گا-انہوں نے مزید کہا کہ آپ سب بھی شہزادے کو دیکھ لیں
https://x.com/MianAliAshfaq/status/1706227164100583490?s=20
خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے صحافی عمران ریاض کی بازیابی کے لیے آئی جی پنجاب کو آخری موقع دیتے قرار دیا تھا کہ اگر عمران ریاض کو اس روز بازیاب کرا کے پیش نہیں کیاجاتا تو عدالت خود کوئی فیصلہ کرے گی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے عمران ریاض کے والد کی درخواست پر سماعت کی۔آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور پیش ہوے اور عمران ریاض کی بازیابی کے لیے ایک اور مہلت مانگی۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوے قرار دیا کہ پانچ ماہ سے آپ کی باتیں صبر سے سن رہا ہوں۔اب میرے صبر کا پیمانہ ختم ہو رہا ہے۔چیف جسٹس نے درخواست گزار کے وکیل میاں ولی اشفاق سے استفسار کیا کہ اگر آپ رضامند ہیں تو میں مہلت دے دیتا ہوں۔
دوران سماعت آئی جی پنجاب سمیت دیگر افسران عدالت پیش ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی پنجاب سے استفسار کرتے ہوئے پوچھا عمران ریاض کی بازیابی کے لیے کیا پیش رفت ہوئی ہے جس پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہم نے عدالتی احکامات پر عمران ریاض کے والد سے ملاقات کی تمام پیش رفت سے متعلق انکے والد اور وکلاء کو بتا دیا گیا ہے، معاملے پر ٹھیک ڈائریکشن پر جارہے ہیں۔ دوران سماعت عمران ریاض کے وکیل نے کہا کہ انکی تفتیش درست سمت میں جارہی ہے کیس میں کسی بھی وقت پیش رفت ہوسکتی ہے ۔عدالت نے کاروائی کرتے ہوئے سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کردی تھی۔