بھارت میں 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ کیلئے سوائے پاکستان کے تقریباً تمام ٹیموں کو ویزے جاری ہو چکے
اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک ) بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے لیے پاکستانی فینز اور صحافیوں کو محدود تعداد میں ویزے جاری کیے جائیں گے۔ اس ضمن میں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کا کہنا ہے کہ انہیں ابھی کوئی اندازہ نہیں ہے کہ پاکستانی صحافیوں اور شائقین کو کتنے ویزے جاری کیے جائیں گے؟ ، وزارتِ خارجہ اور آئی سی سی کے ساتھ مل کر پاکستانیوں کے لیے ویزوں کی تعداد پر کام جاری ہے ۔
بی سی سی آئی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی شائقین کو ورلڈ کپ کے میچز کے لیے ویزے جاری کر دیے جائیں گے، پاکستانی شائقین اور صحافیوں کو میگا ایونٹ میں متعدد شہروں کا ویزا جاری کیا جائے گا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2016ء کی طرح اس ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے بھی پاکستانی شائقین کو محدود تعداد میں ویزے جاری کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2016ء میں بھارتی حکومت نے پاکستانی شائقین کو ایک میچ کے 250 ویزے جاری کیے تھے۔