الیکشن چیئرمین پی ٹی آئی یا جیل کاٹنے والوں کے بغیر بھی ہوسکتے ہیں: نگران وزیر اعظم
تحریک انصاف کا نگران وزیراعظم سے چیئرمین پی ٹی آئی کے بغیر الیکشن کے بیان پر وضاحت کا مطالبہ
لندن: (ویب ڈیسک) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ الیکشن چیئرمین پی ٹی آئی یا جیل کاٹنے والے سیکڑوں کارکنوں کے بغیر بھی ہوسکتے ہیں۔
امریکی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جیل کاٹنے والے پی ٹی آئی ارکان توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے، پی ٹی آئی میں شامل ہزاروں افراد جو غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہیں وہ الیکشن میں حصہ لے سکیں گے۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ میں چیئرمین پی ٹی آئی سمیت کسی سیاست دان سے ذاتی انتقام پر عمل پیرا نہیں، اگر کوئی قانون شکنی پر گرفت میں آیا ہے تو قانون کی بالادستی یقینی بنائیں گے، انتخابات فوج یا نگران حکومت نے نہیں الیکشن کمیشن نے کرانے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے تحریک انصاف اور چیئرمین کے بغیر منصفانہ انتخابات کے حوالے سے نگران وزیراعظم کے بیان پر شدید رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کا بیان آئین و جمہوریت اور ملکی مفادات کے حوالے سے ریاستی ڈھانچے میں پائی جانے والی عدم حساسیت کا مظہر ہے، تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی اور وفاقی سطح پر عوام کی واحد نمائندہ سیاسی جماعت ہے۔
اپنے ایک بیان میں ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ مقبولیت کے تمام معیارات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین بلاشرکت غیرے ملک کے مقبول ترین سیاسی قائد ہیں، نگران وزیراعظم کو معلوم ہونا چاہیئے کہ پی ٹی آئی چیئرمین یا تحریک انصاف کی شمولیت کے بغیر کروایا گیا کوئی بھی الیکشن غیرآئینی، غیرقانونی اور غیراخلاقی ہوگا جسے عوام ہرگز قبول نہیں کریں گے، غیرمعمولی عوامی تائید کی حامل سیاسی قیادت اور جماعتوں کو مصنوعی، غیرجمہوری اور غیرآئینی طریقوں سے انتخاب سے باہر کرنے کے نتائج ہمیشہ تباہ کن ہوا کرتے ہیں۔
ترجمان تحریک انصاف کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دستور، قانون، جمہوریت اور اخلاق نگران وزیراعظم کو سیاست و انتخاب پر اثرا انداز ہونے کے کسی غیرفطری، غیرجمہوری اور غیرآئینی منصوبے کا حصہ بننے کی ہرگز اجازت نہیں دیتے، انوارالحق کاکڑ اپنے بیان کی فوری وضاحت کریں اور بطور نگران وزیراعظم اپنی حکومت کو جمع تفریق کے شرانگیز منصوبوں سے مکمل الگ کریں۔
خیال رہے کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا تھا کہ عمران خان اور ان کے اسیر ساتھیوں کے بغیر بھی عام انتخابات ہو سکتے ہیں، انتخابات نئے سال میں ہی ہوں گے، فوج کا انتخابات سے کوئی تعلق نہیں، خواہ مخواہ انتخابات میں فوجی مداخلت کا شوشہ چھوڑا جا رہا ہے جو بالکل درست نہیں، ووٹنگ کرانے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے، الیکشن کمیشن کا موجودہ سربراہ چیئرمین پی ٹی آئی کا ہی مقرر کردہ ہے تو وہ کیوں ان کی مخالفت کریں گے؟ جو توڑ پھوڑ اور آتش زنی سمیت غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے جیل میں ہیں۔