اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) کے لیے بھتہ لینے والے سرگرم گروہ کوگرفتار کرلیاگیا ہے، جس نے دوران تفتیش ہوشربا انکشافات کیے ہیں۔
سکیورٹی اداروں نے ٹی ٹی پی کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کی ہے ، خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کالعدم تنظیم کے لیے بھتہ لینے والے سرگرم گروہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جنہوں نے دوران تفتیش بھتہ لینے کے طریقہ کار کے حوالے سے بڑے انکشافات کیے ہیں۔
گرفتار کیے گئے تنظیم کے ارکان کافی عرصے سے مختلف طریقوں سے ٹی ٹی پی کو بھتہ خوری میں معاونت فراہم کررہے تھے ، ملزمان نے ٹی ٹی پی کے کمانڈرز کی افغانستان میں موجودگی کی بھی تصدیق کی ہے۔
گرفتار ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ ٹی ٹی پی کمانڈر عبدالرازق جو اس وقت افغانستان میں ہے، ہمیں واٹس ایپ کے ذریعے ہدایات دیتا تھا۔
ملزم نے انکشاف کرتے ہوئے مزید بتایا کہ ٹی ٹی پی کمانڈر عبدالرازق لوگوں کے گھروں اور دکانوں کی ویڈیوز منگوا کر انہیں بھتے کے لیے افغانستان سے کالز کرتا تھا اور بھتہ نہ ملنے یا تاخیر کی صورت میں جان سے مارنے یا اغوا کی دھمکیاں دیتا تھا۔
واضح رہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات کررہے ہیں، جن میں آئے دن سکیورٹی فورسز کو ٹی ٹی پی کے گروہوں کا قلع قمع کرنے اور بھتہ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن میں خاطر خواہ کامیابیاں مل رہی ہیں۔
دریں اثنا اسلام آباد سے حراست میں لئے گئے دونوں دہشتگرد معیز احمد اور مہران یونس کا تعلق ’را‘ سے نکلا، ’را‘ سے فنڈنگ لے کر نیٹ ورک چلاتے تھے، دونوں دہشت گردوں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق دہشتگردوں نے دوران تفتیش سیاسی اور مذہبی شخصیات کی ریکی کرنے کا بھی انکشاف کیا ہے۔