محکمہ تعلیم اسکولزجنوبی پنجاب کی آشوب چشم میں مبتلا بچوں کو چھٹیاں دینےکی ایڈوائزری

جنوبی پنجاب کے اسکولوں میں 300 سے زائد بچوں میں آشوب چشم کے کیس رپورٹ، آشوب چشم کا شکار بچوں کو 10چھٹیاں دینے کی ہدایت کردی گئی

ملتان (نیوز ڈیسک) محکمہ تعلیم اسکولز جنوبی پنجاب نے آشوب چشم میں مبتلا بچوں کو چھٹیاں دینے کی ایڈوائزری جاری کردی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے بعد پنجاب میں بھی آشوب چشم کی وباء کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، بڑے افراد کے ساتھ چھوٹے بچے بھی اس وباء سے شدید متاثر ہورہے ہیں۔ وباء کے پھیلاؤ کے پیش نظر اسکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب نے آشوب چشم میں مبتلا بچوں کو چھٹیاں دینے کی ایڈوائزری جاری کردی ہے۔
ایڈوائزری میں آشوبِ چشم میں مبتلا طلباء طالبات کو 10چھٹیاں دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جنوبی پنجاب کے سکولوں میں 300 سے زائد بچوں میں آشوب چشم کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے تحت محکمہ تعلیم اسکولز نے فیصلہ کیا ہے کہ آشوب چشم کا شکار بچوں کو 10دن کی چھٹیاں کرنے کی اجازت ہوگی۔
یاد رہے کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے شہر میں آشوب چشم کے حوالے سے ہدایات جاری کررکھی ہیں جس کے تحت سکولوں کے اساتذہ و ہیڈ ٹیچرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ طلبا و طالبات کو آشوب چشم سے احتیاط کی آگاہی دیں۔

کمشنر لاہورنے کہا کہ ایجوکیشن اتھارٹی و ڈائریکٹر کالجز تمام سکولز و کالجز میں فزیکل سکیننگ کرائیں۔ والدین کو آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ آنکھوں میں جلن، سوزش، گہری سرخی اور پانی بہنا آشوب چشم کی علامات ہیں۔ فزیکل سکیننگ میں ان علامات پائے جانے پر طلباو طالبات کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی آگاہی دیں۔ آشوب چشم کی علامات کی صورت میں بار بار ہاتھ دھوئے جائیں۔
اپنے استعمال کی چیزیں الگ کرلیں۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ آشوب چشم علامات کی صورت میں آنکھوں میں پانی ڈالنے کی بجائے معالج سے مشورہ کرکے آنکھوں کے قطرے ڈالے جائیں۔ آشوب چشم کی صورت میں فوری طور پر سیاہ چشمے کا استعمال شروع کریں۔ آشوب چشم تیزی سے پھیلتی ہے اس لئے متاثرہ افراد احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ کمشنر لاہور نے کہان کہ صحت مند افراد آشوب چشم میں مبتلا افراد سے فاصلہ رکھیں۔ ان کے زیر استعمال کوئی چیز استعمال نہ کریں۔ سرکاری ہسپتالوں میں آشوب چشم کے حوالے سے علاج معالجہ کی تمام سہولیات دستیاب ہیں۔ کمشنر لاہور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خود بھی اور اپنے بچوں کو بھی آشوب چشم احتیاطی تدابیر اختیار کرائیں۔