غیر شرعی نکاح کیس، عدالت کا عمران خان کو 25 ستمبر کو جیل سے عدالت پیش کرنے کا حکم

عدالت نے عملے کو اٹک جیل سپرنٹنڈٹ کے نام روبکار جاری کرنے کی ڈائریکشن دے دی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس میں عمران خان کی طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔سول جج قدر اللہ نے عمران خان کی طلبی کا نوٹس جاری کیا۔عدالت نے عمران خان کو 25 ستمبر کو جیل سے عدالت پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے عملے کو اٹک جیل سپرنٹنڈٹ کے نام روبکار جاری کرنے کی ڈائریکشن دے دی۔
اس سے قبل سول جج قدرت اللہ کی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کےخلاف مبینہ غیرشرعی نکاح کیس میں عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق درخواست پرفریقین سے دلائل طلب کیے تھے۔
بدھ کو سماعت کے دوران پرا سیکیوٹر رضوان عباسی نے درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ دائرہ اختیار کی درخواست پردلائل کے لیے تیاری کرنی ہے، وقت درکار ہے اس لیے سماعت بغیر کارروائی ملتوی کی جائے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی وکلاء دائرہ اختیار کی درخواست پر دلائل دینے کے بعد پراسیکیوشن دلائل دےگی،بشری بی بی کے وکیل نعیم پنجھوتہ نے کہا کہ عدالت نے بشری بی بی کی مستقل حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کررکھی ہے جس پر عدالت نے کہا کہ فردجرم کا معاملہ آیا تو بشریٰ بی بی کی حاضری ضروری ہوگی،وکیل کاکہنا تھا کہ وکیل شیرافضل مروت دائرہ اختیار کی درخواست پر دلائل دیں گے،عدالت کے جج قدرت اللہ نے کہا کہ دونوں فریقین کے دلائل ایک ہی تاریخ پر ساتھ ساتھ سن لیں گے آپ اپنے دلائل سے قبل مختلف عدالتوں کے فیصلے بھی جمع کروا دیں،وکیل نے کہا کہ گزارش اتنی ہے کہ آئندہ سماعت کی تاریخ چھوٹی دےدیں، جس پر عدالت نے وکیل شیرافضل مروت، پراسیکیوٹر رضوان عباسی کو آئندہ سماعت پر دلایل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 25 ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔