نیب کیسز بحال ہونے کے بعد اہم پیشرفت

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں تمام کیسز کا ریکارڈ پیش کر دیا گیا،عدالت نے رجسٹرار کو کیسز کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کی ہدایت کر دی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عدالت میں نیب کیسز کا ریکارڈ پیش کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کے فیصلے کی روشنی میں نیب کیسز بحال ہونے کے بعد اہم پیشرفت ہوئی ہے،اسلام آباد کی احتساب عدالت میں تمام کیسز کا ریکارڈ پیش کر دیا گیا۔ نیب ٹیموں نے 81 کرپشن کیسز کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔ آصف زرداری،نواز شریف،یوسف رضا گیلانی،شاہد خاقان عباسی،مفتاح اسماعیل اور اسحاق ڈار کے ریفرنسز کا ریکارڈ احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔
اس کے علاوہ مراد علی شاہ،شرجیل میمن اور اومنی گروپ کے کیسز کا ریکارڈ بھی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس وقت احتساب نمبر ایک میں جج محمد بشیر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ احتساب عدالت نمبر دو اور تین کے اسٹاف کو واپس ڈیوٹی پر بلا لیا گیا،جبکہ احتساب عدالت نمبر دو اور تین کے ججز بھی تعینات کئے جائیں گے۔
جج محمد بشیر نے احتساب عدالت کے رجسٹرار کو کیسز کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کی ہدایت کر دی۔

دوسر جانب خیبر پختو نخوا کی احتساب عدالتوں میں بھی 160 کے قریب کیسز واپس ہو گئے،نیب خیبر پختو نخوا نے احتساب عدالتوں کے رجسٹرار کو خط لکھ دیا۔ نیب کے مطابق سپریم کورٹ نے 7 روز میں کیسز بحالی پر عملدرآمد کی ہدایت کی،پشاور کی 8 احتساب عدالتوں میں ریفرنس واپس بھجوا دئیے۔ جبکہ نیب نے کوئٹہ کی احتساب عدالتوں کو 72 ریفرنسز دوبارہ بھجوا دئیے،جن میں سابق وزیراعلٰی نواب اسلم رئیسانی کا ریفرنس بھی شامل ہے۔ احتساب عدالت کی جانب سے آج فریقین کو نوٹس جاری کئے جانے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نیب ترامیم کالعدم دینے کے فیصلے پر نیب کا ہنگامی اجلاس ہوا،اجلاس میں سپریم کورٹ فیصلے پر عملدرآمد کرانے سے متعلق مشاورت کی گئی۔