کراچی میں رکشہ ڈرائیورجبری ٹریفک چالانوں پر رو پڑا

صبح سے 150روپے کمائے اور 520روپے کا چالان کر دیا، چالان میں ہی دن کی ساری کمائی جمع کرا دوں گا تو بچوں کو کہاں سے کھلاؤں گا۔رکشہ ڈرائیور کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی

کراچی ( نیوز ڈیسک) مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کر دیا،کراچی میں پولیس کے جبری چالان کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے رکشہ ڈرائیور رو پڑا۔تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب کے سامنے رکشہ ڈرائیور ٹریفک پولیس کے جبری چالان کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے رو پڑا۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ڈرائیورنے بتایا کہ صدر میں ٹریفک پولیس کی جانب سے اس کا دوبارہ سے 520 کا چالان کیا گیا جبکہ ایک روز قبل ہی اس نے چالان جمع کرایاتھا۔
اس نے بتایا کہ ہفتے میں 2سے 3 بار اس کا چالان کیا جاتا ہے ، صبح سے 150روپے کمائے ہیں، آدھا دن گزر گیا ہے بتاؤ میرا دوبارہ سے 520روپے کا چالان کر دیا ہے۔ڈرائیور نے روتے ہوئے بتایا کہ کبھی پرمٹ تو کبھی فٹنس کے نام پر چالان کیا جا رہا ہے ، کرایے کا گھر ہے۔
https://x.com/HafizBano/status/1704384432860176514?s=20
رکشہ ڈرائیورنے کہا کہ بجلی اور گیس کا بل ہے، اگر چالان میں ہی دن کی ساری کمائی جمع کرا دوں گا تو بچوں کو کہاں سے کھلاؤں گا۔
ٹریفک پولیس والے مجھ پر رحم کھاؤ۔ایس ایس پی ٹریفک ڈسٹرکٹ سٹی آصف علی جکھرانی نے پریس کلب کے باہر رکشہ ڈرائیور کی وائرل ہونے والی ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے رکشہ ڈرائیور سے رابطہ کر کے اسے اپنے دفتر بلایا اور اس سے معلومات حاصل کی۔ایس ایس پی ٹریفک سٹی نے رکشہ ڈرائیور کی مالی حالات کو دیکھتے ہوئے چالان ادا کر دیا جبکہ رکشہ ڈرائیور کو ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کرنے کی بھی ہدایت کی۔دوسری جانب سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے شہر کے مختلف علاقوں میں غیرقانونی پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے 103افراد کو چالان ٹکٹ جاری کرتے ہوئے جرمانہ وصول کیا۔